حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی 3روزہ تقریبات کا آغاز
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے مزار پر چادر پوشی سے تقریبات کا افتتاح کیا
لاہور (ہیلتھ رپورٹر،سیاسی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں)برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت سید علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف حضرت داتاگنج بخشؒ کے 983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات لاہور میں شروع ہو گئیں، نائب وزیر اعظم پاکستان محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی صبح مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب علی ڈار، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یسٰین، وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کے ہمراہ رسم چادر پوشی سے عرس کی تقریبات اور دودھ کی سبیل کا افتتاح کیا۔ خطیب جامع مسجد داتا دربار نے دعا کروائی، رسم چادر پوشی کے بعد سینیٹر اسحاق ڈار نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی خصوصی تصنیف ‘‘حضرت داتا گنج بخشؒ، کاملاں را رہنما’’کا بھی افتتاح کیا۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات اور نیسپاک حکام نے ڈپٹی وزیر اعظم و دیگر شخصیات کو داتا دربار توسیعی منصوبہ بارے بریفنگ دی ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کا عرس نہ صرف عظیم روحانی اجتماع ہے بلکہ اسلامی اقدار، قومی یکجہتی اور بین المسلمین بھائی چارے کے فروغ کا بھی مؤثر ذریعہ ہے ۔ دریں اثناء سالانہ رسم چادر پوشی کے موقع پر زائرین کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے ۔ تقریبات کے پہلے روز عوام کے جم غفیر کا مزار پر حاضری ، عقیدت کے پھول نچھاور کرنے اور چادریں پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہا ،بعد نمازِ ظہر محفلِ حسنِ قرأت منعقد ہوئی ،آج محافلِ سماع کا افتتاح صبح 10:00 بجے رشید ایونٹس کمپلیکس بلال گنج لاہور میں ہوگا، تقریبات کل 4 اگست کو اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments