آٹا نایاب، روٹی ، نان مہنگے ، گندم 4 ہزار 650 روپے من
لاہور میں 10 کلو آٹا تھیلا کی سپلائی کم ،قیمت 1125 روپے تک جا پہنچی روٹی 25 ، نان 30 کا فروخت ،سرکاری نرخ پر بیچنا نا ممکن :ایسوسی ایشن
لاہور (عمران اکبر) لاہور سمیت کئی شہروں میں آٹے کے 10اور 20کلوگرام کے تھیلوں کی قلت،روٹی اور نان کی قیمتیں بھی بے قابو ،10 کلو کا تھیلا 1125 روپے ، روٹی 25 روپے اور نان 30 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا ،اوپن مارکیٹ میں گندم ازخود مقرر کردہ 4 ہزار 650 روپے فی من کے نرخ پر فروخت ہو نے لگی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 10 اور 20 کلو آٹا تھیلا نایاب ہو گیا جبکہ گندم مہنگی ہونے سے لاہور میں 10 کلو آٹا تھیلا کی سپلائی 1 لاکھ بوری کم ہے ،یہاں اس کی یومیہ 2 لاکھ 20ہزار ڈیمانڈ ہے جبکہ 15 کلو کا تھیلا 2150روپے میں ازخود مقرر کردہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں لاہور سمیت صوبہ بھرمیں آٹا مہنگا ہونے پر بیشتر تندوروں پر روٹی 15 سے 25 روپے تک میں فروخت کی جا رہی ہے۔
رائیونڈ ،ملتان روڈ ،جوہر ٹاؤن ، فیصل ٹاؤن ،واپڈا ٹاؤن ،ویلنشیا ، اقبال ٹاؤن ، ماڈل ٹاؤن ، گارڈن ٹاؤن کے بیشتر تندوروں پر روٹی 22 سے 25 روپے ،انارکلی مال روڈ ، اسلام پورہ ،سنت نگر ، باغبانپورہ ، شاہدرہ و دیگر علاقوں میں روٹی 20 روپے جبکہ نان 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق پیرا و ضلعی مجسٹریٹس روٹی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہے ہیں ،آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے سے تندور مالکان شدید مشکلات کا شکار ہیں ،موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں۔ ضلعی حکام کے مطابق روٹی 14 روپے میں ہر صورت فروخت ہو گی ،مہنگی بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments