مظفرآباد الیکشن :ن لیگ کے چودھری شہزاد اور آئی پی پی کے سردار تبارک علی کو برتری حاصل
مظفرآباد (محمد اسلم میر سے )آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں موسم کی خرابی کے باعث ملتوی ہونے والے دو اہم انتخابی حلقوں ایل اے 27 کوٹلہ اور ایل اے 28 لچھراٹ میں دوبارہ پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔
ایل اے 27 کوٹلہ کے تمام 197 پولنگ سٹیشنز جبکہ ایل اے 28 لچھراٹ کے 115 میں سے 51 پولنگ سٹیشنز پر ووٹ ڈالے گئے ، منگل کی صبح پولنگ شروع ہوتے ہی دونوں حلقوں میں ووٹرز نے پولنگ سٹیشنز کا رخ کیا ،مجموعی طور پر ان دونوں حلقوں میں ٹرن آؤٹ 60 فیصد رہا، انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کیلئے سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ،ایل اے 27 کوٹلہ میں تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی 18,543 ووٹ لے کر 192 ووٹوں کی برتری کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف 18,351 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں ، پیپلز پارٹی کے سردار جاوید ایوب 16,919 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ، سرکاری ملازمین کے 641 ووٹوں کی گنتی ابھی باقی ہے ، جس کے باعث مقابلہ انتہائی دلچسپ ہوگیا ، دوسری جانب ایل اے 28 لچھراٹ کا مقابلہ پہلے ہی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوچکا تھا ، آج کی پولنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے چودھری شہزاد 22,809 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے بازل علی نقوی نے 22,310 ووٹ حاصل کئے ہیں ،اگر مسلم لیگ (ن) کوٹلہ اور لچھراٹ کی دونوں نشستیں جیت گئی تو اس کی نشستوں کی تعداد 25 ہوجائے گی ،آزاد کشمیر کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ 10 اگست کو ہوگا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments