آپریشن ردالفتنہ 3 : واشک اور مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشتگرد ہلاک
دونوں اضلاع میں 6،6 دہشتگردوں کوماراگیا،دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی:آئی ایس پی آر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم ا و رمہارت کا مظہر :صدر،وزیراعظم
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز دہشت گردی کے خلاف جاری مہم ردالفتنہ-3 کے تحت کیے گئے، جن کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کا خاتمہ ہے۔ 5 اگست کو واشک ضلع میں سکیورٹی فورسز نے چھ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اوربروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
دوسری کارروائی گزشتہ روز ضلع مستونگ میں کی گئی جہاں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوااور کارروائی کے نتیجے میں مزید چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے ویژن "عزمِ استحکام"کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
ادھر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم اور مہارت کا مظہر ہیں۔فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار وں کے کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے ۔اللہ تعالیٰ ہماری سکیورٹی فورسز کو ہر محاذ پر کامیابی عطا فرمائے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا عزم استحکام کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments