مریم نواز کا مون سون کے بعد صوبہ بھر کی خستہ حال عمارتوں کے سروے کا حکم
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ، نئے سیوریج سسٹم سے نکاسی آب میں واضح بہتری آئی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کا پرجوش خیر مقدم،یہ امت کیلئے خوشخبری :وزیراعلیٰ
لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مون سون کے فوراً بعد ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کے سروے کی ہدایت کر دی اورپنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دیدیا۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کا پرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اُمت ِ مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکہ مکرمہ کی متبرک سرزمین سے دنیا کو ایک پیغام ملا ہے مسلم دنیا متحد ہے ، معاشی،عسکری و سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت کیلئے خوشخبری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روز یہاں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی۔اس دوران وہاڑی،بوریوالا ،جڑانوالہ ، سمبڑیال، مریدکے اوردیگر علاقوں کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے سیوریج اورڈرینج پراجیکٹس پر ایمپکٹ سٹڈی رپورٹ طلب کرلی ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس سٹڈی،پی ڈی پی پر عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں ساہیوال،فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اورسیالکوٹ کے پراجیکٹس پررپورٹ پیش کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29شہروں میں انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک مکمل فنکشنل کر دیئے گئے جبکہ 21شہروں میں سٹوریج ٹینک کی تعمیر جاری ہے ۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن(ر)علی اعجاز اورڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ا س موقع پر خطاب میں کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹم کے بعد نکاسی آب میں واضح بہتری آئی ہے ،مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر،واسا اورستھرا پنجاب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا،بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کیلئے دن رات ایک کرنے والے افسروں اوراہلکاروں کو شاباش دیتی ہوں۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، صدر رجب طیب اردوان اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ کی چھاؤں تلے تین بڑی معاشی،عسکری و سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت کیلئے خوشخبری ہے ،یہ معاہدہ عالمِ اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے ،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سعودی و ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علم بردار رہے گا،مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے سکیورٹی فورسز کی اعظم ورسک اور دیر میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف آپریشنز میں کامیابی پر اظہار تشکر کیا اور 10 دہشتگرد ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر فرد سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments