زیرِ حراست خواتین کی ہلاکت کی وجہ دل بند ہونا قرار
پوسٹ مارٹم مکمل،خواتین کی میتیں آبائی گاؤں بستی غوث نگر پہنچا دی گئیں
لاہور،پاکپتن(کرائم رپورٹر،سٹی رپور ٹر)ٹاؤن شپ تھانے میں زیرِ حراست دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ دونوں خواتین کا دو روز بعد پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، جبکہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے نمونہ جات فرانزک لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں دونوں خواتین کی موت کی وجہ دل بند ہونا (ہارٹ بلاکیج) قرار دی گئی ہے ، تاہم حتمی حقائق فرانزک رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین انویسٹی گیشن ونگ کی تحویل میں تھیں۔ پوسٹ مارٹم میاں منشی ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے انجام دیا۔
دریں اثنا خواتین کی میتیں پولیس کی نگرانی میں ان کے آبائی گاؤں بستی غوث نگر پہنچا دی گئیں۔ لواحقین کے مطابق جاں بحق ہونے والی 18 سالہ آمنہ اور 20 سالہ انمول بی بی چونگی امرسدھو میں رہائش پذیر تھیں اور گھوم پھر کر پنسلیں فروخت کر کے گزر بسر کرتی تھیں۔ انمول شیر خوار بچی جبکہ آمنہ ایک بچے کی ماں تھی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ٹاؤن شپ پولیس نے 4 اگست کو دونوں خواتین کو مبینہ چوری کے الزام میں حراست میں لیا، جبکہ اگلے روز دونوں تھانے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments