پٹرولیم لیوی:جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج ،دھرنے:ٹیکس کے نام پر بھتہ قبول نہیں:حافظ نعیم
شاہراہیں، موٹروے ، انٹرچینجز، ٹول پلازے بند ، پولیس تشدد ،گرفتاریاں، 26 نمبر چونگی، لیاقت باغ میں بھی احتجاج جمعہ کا احتجاج ریہرسل،کل صوبائی ہیڈکوارٹرز پر دھرنے :امیرجماعت،کئی مقامات پر ٹریفک جام ،شہریوں کومشکلات
لاہور ،اسلام آباد ، راولپنڈی ،کراچی، پشاور ، کوئٹہ(سیاسی نمائندہ،نمائندگان ، اپنے رپورٹر سے ، خصوصی نامہ نگار، مانیٹرنٖگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ظالمانہ لیوی کے خلاف ملک بھر میں پرامن احتجاجی دھرنے ، ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے ، اہم شاہراہیں، موٹروے ، انٹرچینجز اور ٹول پلازے بند کر د ئیے گئے ،جس کے باعث کئی شہروں میں ٹریفک جام کے باعث شہریوں کومشکلات کاسامناکرناپڑا، تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں کم و بیش 510مقامات پر احتجاج ہوا، کئی مقامات پر کارکنوں پر پولیس تشدد ہوا اور گرفتاریاں کی گئیں جبکہ امیرجماعت نے احتجاج جاری رکھتے ہوئے کل چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز پر دھرنوں کااعلان کردیا، اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور صدر انجمن تاجران کاشف چودھری نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا، اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم بھی ہوا۔راولپنڈی میں مری روڈ، لیاقت باغ کے قریب بند کر کے احتجاجی دھرنا دیا گیا ، دھرنے سے امیر جماعت اسلامی پنجاب طارق سلیم ، راولپنڈی کے امیرسید عارف شیرازی، رضا احمد شاہ ، رضوان احمد ،غلام احمد عباسی، جے یوآئی یوتھ کے رہنما ظہور احمد سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
لاہور میں قرطبہ چوک مکمل طور پر بند کر دیا گیا جہاں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کے دوران احتجاج کو جاری رکھتے ہوئے کل سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے گورنر ہاؤسز اور پنجاب کے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنوں کا اعلان کیا اورکہا کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر بھتہ کسی صورت قبول نہیں ، جمعہ کو 510مقامات پر احتجاج ریہرسل تھا، ایک دن کے وقفے کے بعد چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز پر دھرنوں کا آغاز ہوگا اور عوام اسی صورت میں واپس جائیں گے جب پٹرولیم لیوی ختم ہوگی، فارم 47 سے مسلط حکمران عوام کے کلیجوں پر مونگ دل رہے ہیں، قوم کے دھتکارے ہوئے لوگ مسلط ہوکر سسٹم کے فیل ہونے کی باتیں کررہے ہیں، ہم مسلسل کہہ رہے ہیں کہ یہ نظام بدبودار اور فرسودہ ہے ، اسے جڑ سے اکھاڑنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کو اب پیچھے ہٹنا ہوگا اور لیوی ختم کرنا ہوگی۔ ریاست صرف بندوق رکھنے والے اداروں کا نام نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا نام ہے ، جماعت اسلامی کو نہ جعلی نشستیں چاہئیں اور نہ کسی طاقتور کی سرپرستی، بلکہ وہ 25 کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان بن کر ان کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی، عوام کے حق کے لئے آواز بلند کرنے والے پنجاب، سندھ ، کے پی اور بلوچستان کے سپوتوں کو سلام، جماعت اسلامی کے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ، کراچی میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں شاہراہ فیصل پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا، اندرون سندھ میں حیدرآباد سے کشمور تک جماعت اسلامی کے تحت احتجاج کیا گیا۔
مختلف شہروں میں مظاہرے اور دھرنے دیے گئے ۔قومی شاہراہ، انڈس ہائی وے ، مہران ہائی وے ، تھرکول روڈ، سندھ پنجاب و سندھ بلوچستان بارڈر اور دیگر اہم شاہراہوں پر احتجاج کے باعث ٹریفک معطل رہی اور صرف ایمبولینسز کو راستہ دیا گیا۔ ٹنڈو محمد خان میں جماعت اسلامی کے مقامی رہنما اکرم بیگ کو گرفتار کیا گیا تاہم مذاکرات کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ سکرنڈ میں نیشنل ہائی وے بلاک کر کے بینظیر فلائی اوور کے نیچے دھرنا دیا گیا۔پشاور میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کی قیادت میں پشاور موٹروے ٹول پلازہ بند کر دیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے متعدد مقامات پر موٹروے ، انڈس ہائی وے ، ہزارہ موٹروے ، سوات موٹروے اور پاک افغان شاہراہ پر احتجاج کیا گیا اور ٹریفک معطل رہی، ایبٹ آباد میں میں دھرنا دیکر شاہراہ ریشم بند کر دی گئی۔ کوئٹہ میں میاں غونڈی کراچی روڈ مکمل طور پر بند کر کے دھرنا دیا گیا۔ خضدار ، لورالائی ، چمن، حب اور زیارت میں بھی مین روڈز بند کر کے احتجاج کیا گیا۔ملتان میں سیداں والا بائی پاس پر احتجاجی ریلی نکالی گئی ، قصور میں بھائی پھیرو روڈ اور شیخوپورہ میں مریدکے جی ٹی روڈ مکمل بند کر دی گئی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ساہیوال ،بہاولنگر میں بھی احتجاج کیاگیا، گوجرانوالہ میں بھی احتجاج ہوا جبکہ وزیرآباد میں پولیس کی جانب سے تشدد کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اوکاڑہ، جھنگ، نارووال، خانیوال، لیہ اور بہاولپور میں بھی احتجاجی سرگرمیاں جاری رہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ عوام کو مزید موجودہ حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے بھی پوری طرح تیار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments