درآمدی، مقامی اشیا کے ٹیکس مسائل حل کرنے کیلئے دو کمیٹیاں قائم
اسلام آباد (ایس ایم زمان) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمدی اور مقامی اشیا پر عائد ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔
کمیٹیاں تاجروں اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے سفارشات پیش کریں گی۔ایف بی آر کی جانب سے تشکیل دی گئی پہلی کمیٹی مقامی اشیا (ڈومیسٹک گڈز) کے امور کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کے سربراہ چیف سیلز ٹیکس آپریشنز محمد انوار چودھری ہوں گے جبکہ چیف ٹرانسفارمیشن ڈیلیوری یونٹ ڈاکٹر نجیب اللہ اور سیکرٹری آئی آر پالیسی محمد امین قریشی ارکان ہوں گے ۔کمیٹی کی ذمہ داریوں میں تھرڈ شیڈول کے نفاذ کے دوران کاروباری افراد کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینا، فیلڈ لیول کمیٹی کی سفارشات پر غور کرنا اور مناسب سیلز ٹیکس جنرل آرڈرز جاری کرنا شامل ہے ۔دوسری کمیٹی فیلڈ لیول پر لارج ٹیکس پیئرز آفس (LTO) کراچی میں درآمدی اشیا (امپورٹس) سے متعلق معاملات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل کمشنر آئی آر آپریشنز شرجیل احمد ہوں گے ۔یہ کمیٹی درآمدی سامان پر قیمت درج کرنے کے مناسب طریقہ کار، ان اجناس کی مقدار اور پیکنگ کا تعین کرے گی جن پر قیمت درج کرنا ضروری ہے ۔کمیٹی ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں شرحِ تبادلہ کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے تھرڈ شیڈول کی اشیا کے لیے پرائسنگ فارمولا تیار کرے گی اور اپنی حتمی سفارشات ایف بی آر کو ارسال کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments