ترکش پٹرولیم پاکستانی سمندر میںڈرلنگ کریگی :علی پرویز
وزیراعظم نے پٹرل پر لیوی کو کم نہیں کیا تو بڑھایا بھی نہیں:وفاقی وزیر پٹرولیم پٹرولیم لیوی کی رقم سے توانائی ذخائر کیوں نہ بنائے ،بحث ہونی چاہیے :گفتگو
لاہور (ہیلتھ رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے ترکش پٹرولیم پاکستان کے سمندروں میں آف شور ڈرلنگ کرنے جا رہی ہے ، اس کے بعد بڑی سرمایہ کاری آئے گی،وزیراعظم شہباز شریف کے مشکل فیصلوں کے باعث پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ، اب قوم معاشی ترقی کا نیا دور دیکھے گی ،وزیراعظم نے پٹرل پر لیوی کو کم نہیں کیا تو بڑھایا بھی نہیں،ایران امریکاجنگ کے دوران معاشی سطح پرچیلنجز کاسامنارہا، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں شناختی کارڈ دیکھ کر ایک یا2 لٹر پٹرول دیاجاتارہا لیکن ہم نے پٹرول کی قلت نہیں آنے دی۔ لاہور میں تقریب سے خطاب، گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویزملک نے کہا ہے کہ، جیسے ہی مشرق وسطیٰ کے حالات بہتر ہوئے تو وزیراعظم نے آئی ایم ایف پابندیوں کے باوجود عوام کو ریلیف کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش کی ۔
انہوں نے قوم کو 79ویں یوم آزادی کی پیشگی مبارکباد دیتے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان میں خوشحالی کا نیا باب کھولے ، نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ،مکہ معاہد ہ بڑی کامیابی ہے ،سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان مل کر تاریخ کو نئے رخ پر لے جائیں گے ۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت کرنے کی ضرورت ہے ،مختلف کمپنیوں کے ساتھ جلد 5 ہزار ارب روپے کے معاہدے کیے جائیں گے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے 7 دن کی اوسط قیمت کو بنیاد بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اگر عالمی مارکیٹ میں اگلے 2 روز تک قیمتیں برقرار رہیں تو قوم کو اچھی خبر مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث آر ایل این جی سپلائی متاثر ہوئی، قطر سے گیس سپلائی بحال ہوتے ہی نئے گیس کنکشنز کا عمل شروع کر دیا جائے گا ،پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کیلئے مقامی تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش ناگزیر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments