افغانستان کو اسلحہ سمگلنگ کا دعویٰ بے بنیاد :پاکستان

افغانستان کو اسلحہ سمگلنگ کا دعویٰ بے بنیاد :پاکستان

افغانستان میں امریکی افواج کا چھوڑا ہوا فوجی سازوسامان موجود :وزارت اطلاعات

اسلام آباد (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان سے افغانستان میں ہتھیاروں کی مبینہ سمگلنگ سے متعلق افغان طالبان کا دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔وزارت اطلاعات کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کا دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی اور عالمی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے ۔ افغانستان امریکی و اتحادی افواج کے انخلا کے بعد چھوڑے گئے جدید ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی بڑی مقدار پہلے ہی رکھتا ہے ، جس کی مالیت کا تخمینہ 7.2 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے ۔ افغانستان میں کئی دہائیوں کے تنازعات کے دوران جمع ہونے والے سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں۔

یہ ذخائر افغان سرزمین پر اسلحے کی موجودگی کی ایک اہم وجہ ہیں۔ ایسے ہتھیاروں کو پاکستان سے منسوب کرنے کی کوشش بظاہر عالمی توجہ اصل اور زیادہ سنگین مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے ۔ یہ معاملہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اور سرگرمیوں سے متعلق اہم تشویش کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہے ۔ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کو اب بھی پناہ، سہولت کاری اور کارروائی کی آزادی حاصل ہے ۔ یہ گروہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی، معاونت اور کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ افغان طالبان کو بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہوگی۔ افغان طالبان اپنے وعدوں کی پاسداری یقینی بنائیں اور افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...