ایڈیبل آئل ٹینکرز کی بھی گڈز اور منی مزدا ٹرانسپورٹ کیساتھ مل کرہڑ تال
آئل سے بھرے متعدد ٹینکرز پورٹ قاسم میں پارک ، مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی قلت کا خدشہ پید ا ہوگیا احتجاجی کیمپ قائم کر دیا:چیئرمین ،گڈز اور منی مزدا ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کا دوسرا دن،گاڑیوں کی روانگی مکمل معطل
لاہور،کراچی،نوشہرہ (دنیا نیوز،نمائندہ دنیا، آن لائن)پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا ٹرانسپورٹ کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی جبکہ پاکستان ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال میں شمولیت کا اعلان کر دیا ، ایڈیبل آئل ٹینکرز مالکان نے مختلف شہروں میں گاڑیاں کھڑی کر دیں، گھی اور کوکنگ آئل کے کارخانوں کو خام مال کی سپلائی بند ہو گئی، چیئرمین بختاور خان نے کہا کہ ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے پورٹ قاسم پر احتجاجی کیمپ قائم کر دیا ،خام ایڈیبل آئل سے بھرے متعدد ٹینکرز پورٹ قاسم اور اطراف میں کھڑے کر د ئیے گئے ، خام مال کی ترسیل بند ہونے سے مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی قلت کا خدشہ ہے ، دوسری طرف گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا ٹرانسپورٹ کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری اور ٹرانسپورٹ اڈوں سے گاڑیوں کی روانگی مکمل طور پر معطل ہے ، ٹرانسپورٹرز نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کو مسترد کرتے ہوئے اسے کاروبار کیلئے نقصان دہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ منسوخ کئے گئے 7 ہزار 500 گاڑیوں کے لائسنس بحال کئے جائیں،اضافی ٹیکسز واپس لئے جائیں، انہوں نے ٹریفک جرمانوں اور مختلف ٹریفک قوانین پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے حکومتی اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا اور ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔ نوشہرہ میں بھی گڈز ٹرانسپورٹرزکی جانب سے مطالبات کے حق میں پہیہ جام ہڑتال کی گئی ، اٹک خیرآباد پل ،رشکی انٹرچینج اور تاروجبہ میں ٹرانسپورٹرز کے دھرنے جاری رہے ۔خلاف ورزی کرنیو الے درجنوں ٹرکوں کے ٹائرز سے ہوا نکال دی گئی،ٹرکوں سے سامان سٹرک پر پھینک دیاگیا۔حکومت کے اقدامات کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی ۔احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments