پی پی نے رہنماؤں کو ن لیگ کیساتھ رابطوں سے روک دیا

پی پی نے رہنماؤں کو ن لیگ کیساتھ رابطوں سے روک دیا

لیگی رہنمائوں کے سیاسی پیغامات کا جواب دینے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت آزاد کشمیر انتخابات کے بعدپیپلز پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے پر غور شروع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے پارٹی رہنماؤں اور ارکانِ پارلیمنٹ کو مسلم لیگ(ن) کے وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ رابطوں سے روک دیا ہے ، دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات میں شدت کے بعد پارٹی  قیادت نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں اور ارکانِ پارلیمنٹ کو کہا گیا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کے وزراء اور رہنماؤں سے براہِ راست رابطے نہ کریں، انہیں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے بھیجے جانے والے سیاسی پیغامات کا جواب دینے سے گریز کیا جائے ، دوسری جانب پیپلز پارٹی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے پر بھی غور شروع کردیا ہے ، اجلاس آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد بلائے جانے کا امکان ہے ، تاہم اجلاس کی تاریخ اور مقام کا فیصلہ دیگر مرکزی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق حالیہ بیانات اور آزاد کشمیر کے انتخابات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماؤں کو آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج اور نئے انتظامی یونٹس سے متعلق پارٹی مؤقف پر اعتماد میں لیں گے ، اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، موجودہ سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ ن کے ساتھ تعلقات اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت متوقع ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...