افریقی ممالک میں پاکستانیوں کے غیر قانونی اثاثے،واپسی کیلئے معاہدوں کی تجویز

افریقی  ممالک  میں  پاکستانیوں  کے  غیر  قانونی  اثاثے،واپسی  کیلئے  معاہدوں  کی  تجویز

پاکستان اور نائجیریا کے درمیان اثاثہ جات ریکوری معاہدے کیلئے وزارت خزانہ نے اے آر یو سے تفصیلی تجاویز طلب کرلیں اے آر یو کی نیب، ایف آئی اے ، ایف بی آر، سٹیٹ بینک اور نادرا سے مشاورت، وزارت خزانہ کو سفارشات ارسال

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے افریقی ممالک میں پاکستانیوں کے غیر قانونی اثاثوں کا کھوج لگایا ہے اور ان کی واپسی کے لیے مختلف ممالک سے معاہدے کرنے کی تجویز ہے ۔ وزارت خزانہ نے وزارت خارجہ کے توسط سے ریفرنس اثاثہ جات ریکوری  یونٹ (اے آر یو)کو بھجوایا ہے جس میں پاکستان اور نائجیریا کے درمیان مجوزہ اثاثہ جات ریکوری معاہدے سے متعلق تجاویز طلب کی گئی ہیں۔کابینہ ڈویژن کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025-2024 کے دوران بھجوائے گئے ریفرنس پر اے آر یو نے قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے ، ایف بی آر، سٹیٹ بینک آف پاکستان، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور نادرا سمیت متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد تجاویز و سفارشات وزارت خزانہ کو بھجوا دی ہیں۔واضح رہے کہ اے آر یو کا قیام وفاقی کابینہ نے 5 ستمبر 2018 کو غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے بیرون ملک اثاثوں کی نشاندہی اور واپسی میں معاونت کے لیے کیا تھا۔ یہ یونٹ خود اثاثے واپس نہیں لاتا بلکہ ایف آئی اے ، نیب، صوبائی انسدادِ بدعنوانی اداروں، ایف بی آر اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ساتھ مل کر مشکوک لین دین کی نشاندہی اور ٹیکس، پلی بارگین یا براہِ راست ترسیل کے ذریعے قومی خزانے میں اثاثوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرتا ہے ۔حکام کے مطابق اے آر یو کا فعال رہنا انسدادِ بدعنوانی سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی دفعہ 51 اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے ۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-2024 کے لیے اے آر یو کو 4 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا جسے نظرثانی کے بعد 50 لاکھ 63 ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ اخراجات 43 لاکھ 96 ہزار 675 روپے ہوئے ۔ وزارت خزانہ نے رواں مالی سال 2026-2027 کے بجٹ میں اثاثہ جات ریکوری یونٹ کے لیے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...