741 جعلی، مشکوک شناختی کارڈہولڈرز کو نوٹس
نادرا نے مشکوک کارڈ رہولڈرز کو 15دن میں دستاویزات سمیت طلب کرلیا
اسلام آباد (آن لائن)نادرا نے جعلی اور مشکوک شناختی کارڈز رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا ہے ۔ افغان مہاجرین کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈز بنوانے کا انکشاف ہوا ہے ۔نادرا نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزید 741 مشکوک شناختی کارڈ ہولڈرز کو نوٹسز جاری کردیئے جبکہ نادرا ریجنل ہیڈکوارٹر زپشاور نے مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کی ابتدائی فہرست بھی جاری کردی ۔فہرست میں ضلع جہلم اور اس کی مختلف تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں جن میں پنڈ دادن خان، دینہ، سوہاوہ، ڈومیلی، کالا گجراں اور دیگر علاقے شامل ہیں۔نادرا نے فہرست میں شامل تمام افراد کو ہدایت کی کہ وہ 15 دن کے اندر متعلقہ نادرا زونل آفس میں پیش ہوں اور شناخت ثابت کرنے کے لیے تمام ضروری دستاویزات ہمراہ لائیں۔نادرا کے مطابق مقررہ مدت میں پیش نہ ہونے والے افراد کے شناختی کارڈ بلاک کردیئے جائیں گے ۔ ادارے نے خبردار کیا کہ مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ ان کے اہلِ خانہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments