پاکستان کی پہلی قمری خلائی گاڑی کے نام کااعلان 13 اگست کوہوگا
قمری خلائی گاڑی کو 2028 میں چینی مشن کیساتھ چاند کی طرف بھجنے کا منصوبہ
اسلام آباد (اے پی پی)چین کے چانگ ای 8 مشن پر سوار ہو کر چاند پر اترنے والی پاکستان کی پہلی قمری خلائی گاڑی کے نام کا اعلان 13 اگست کو پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیا جائے گا،سپارکو نے اس سے قبل عوامی سطح پر نام منتخب کرنے کے حوالہ سے مقابلہ شروع کیا تھا جس میں شہریوں کو ملک کی پہلی قمری خلائی گاڑی کے لیے ایک منفرد اور معنی خیز نام تجویز کرنے کی دعوت دی گئی تھی، اس اقدام کے نتیجے میں ملک بھر سے تقریباً 4000 نام تجویز کئے گئے ،تشخیص کے عمل کے بعد، شارٹ لسٹ کیے گئے نو شرکا نے جو نام تجویز کیا ہے جسے اب پاکستان کی خلائی گاڑی کے لیے حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ تمام نو شرکا سپارکو ہیڈ کوارٹرز میں نام کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔شارٹ لسٹ کیے گئے نو شرکا میں سے حتمی نام کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جس کے فاتح کو قومی شناخت کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔سپارکو کے مطابق قمری خلائی گاڑی کو 2028 میں چین کے چانگ ای 8 مشن کے ایک حصے کے طور پر چاند کی طرف بھجنے کا منصوبہ ہے ، جو چاند کے حوالے سے تحقیق اور خلائی سائنس میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شرکت میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments