پاکستان پوسٹ،کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس میں انتظامی کنٹرول پراختلاف برقرار
پاکستان پوسٹ نے اکاؤنٹس افسران کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کیلئے مراسلہ بھجوا دیا چیف اکاؤنٹس آفیسر کو پرانے نوٹیفکیشن پر عمل روکنے ،انتظامی اختیار ترک کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان)کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس اور پاکستان پوسٹ آفس کے درمیان اکاؤنٹس سروس افسران کے انتظامی کنٹرول کا اختلاف تاحال ختم نہیں ہو سکا۔ پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ (پی پی او ڈی) نے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے اکاؤنٹس کیڈر کے افسران اور محکمے کے اندرونی انتظامی امور میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔مراسلے میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹنگ تنظیم یعنی ڈائریکٹوریٹ آف اکاؤنٹس کا انتظامی کنٹرول کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کے پاس ہے تاہم پی پی او ڈی کے منظور شدہ عملے میں شامل جونیئر اکاؤنٹنٹس، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسرز اور اکاؤنٹس آفیسرز کے تبادلوں، تعیناتیوں، سینیارٹی اور ترقیوں سمیت انتظامی معاملات کا اختیار ڈائریکٹر جنرل پی پی او ڈی کو حاصل ہے ۔دستاویز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سابق انتظامی نظام کو کالعدم قرار دینے کے بعد بی ایس 18 کے اکاؤنٹس آفیسرز کا انتظامی کنٹرول دوبارہ ڈائریکٹر جنرل پی پی او ڈی کو منتقل کر دیا تھا۔
اسی بنیاد پر چیف اکاؤنٹس آفیسر کے دفتر کو ان افسران کی ذاتی فائلیں، تنخواہ و مراعات کا ریکارڈ اور دیگر سروس دستاویزات پی پی او ڈی کے حوالے کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم اس پر تاحال عمل نہیں ہوا۔مراسلے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چیف اکاؤنٹس آفیسر کا دفتر عدالتی فیصلے کے برخلاف پرانے نوٹیفکیشن پر عمل کر رہا ہے ۔ پی پی او ڈی نے چیف اکاؤنٹس آفیسر کو اپنا متوازی اختیار ختم کرنے اور اکاؤنٹس عملے پر انتظامی کنٹرول کا دعویٰ ترک کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments