حوثیوں کا مصر ی بحری جہاز پر حملہ ، 3 پاکستانی جاں بحق : محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات ، حالات پھر امن معاہدے کے حق میں ہیں : خواجہ آصف
باب المندب میں جہاز پر امدادی کارروائیوں کے دوران دوبارہ حملہ ، مجموعی طورپر 6افراد جاں بحق ، 3پاکستانیوں سمیت 4زخمی،خلیج عمان میں پاکستان کے قریب ایک اورجہاز نشانہ بن گیا، تیل مزید مہنگا ایران پاکستان کیساتھ تعاون مزید گہرا کرنے کیلئے تیار:مسعود پزشکیان، محسن نقوی کی عباس عراقچی سے بھی ملاقات ،ایران عمان مذاکرات اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے :قطر ی وزارت خارجہ
اسلام آباد،تہران،واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)یمنی حوثیوں کے مصری بحری جہاز پر حملے میں 3 پاکستانی جاں بحق ہوگئے ، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کی، وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حالات پھر امن معاہدے کے حق میں ہیں۔بتایا گیا کہ یمنی حوثیوں نے آبنائے باب المندب میں یمن کے جنوبی ساحل کے قریب مصری ملکیت والے تجارتی بحری جہاز ’’تہامہ‘‘ کو نشانہ بنایا، حملے میں 3 پاکستانیوں سمیت 6افرادجاں بحق ہوگئے ،جہاز کے عملے کے 4 ارکان ابتدائی حملے میں مارے گئے جبکہ امدادی اور انخلا کی کارروائیاں کرنے کے لیے بھیجے گئے دستے کے دو اہلکارجہازپر دوبارہ ہونے والی فائرنگ میں جاں بحق ہوئے ۔ حملے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں تین پاکستانی اور ایک انڈونیشی شہری شامل ہیں۔پاکستان کے قریب خلیج عمان میں ایک کنٹینر بردار بحری جہاز کو بھی میزائل سے نشانہ بنایا گیاہے ، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ امریکی حملہ تھا۔وال سٹریٹ جرنل نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اس بحری جہاز کو امریکی فوجی ہیلی کاپٹر نے نشانہ بنایا، کیونکہ اس کے عملے نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے جاری کی گئی وارننگز کو نظر انداز کیا تھا۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کے تناظر میں پاکستانی حکومت کا پیغام لے کر تہران پہنچ گئے ، جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا،محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کیں ۔اس دوران پاک ایران تعلقات اور باہمی تعاون سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ ہیں۔وزیردفاع خواجہ آصف نے بلوم برگ کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا امریکا اور ایران امن معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا امریکا اور ایران کے درمیان کسی نہ کسی قسم کے معاہدے یا مفاہمت کے امکانات بڑھ گئے ہیں،گزشتہ دو سے تین دن کے دوران ملنے والے اشارے بتاتے ہیں کہ دونوں ممالک کسی امن معاہدے یا ڈیل کے قریب پہنچ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ حالات ایک بار پھر امن معاہدے کے حق میں بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔ادھر قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا بھی کہنا ہے کہ قطر میں ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
قطری ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ایڈوانس سٹیج پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ماجد الانصاری نے کہا کہ بطور ثالث قطر کی خواہش ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولا جائے ۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران ناقابل تسخیر طاقت ہے ، ایران نے دنیا کو اپنی مضبوطی اور طاقت ثابت کردی۔انہوں نے کہا کہ ایران کی امریکا کے خلاف مزاحمت نے دنیا کو حیران کر دیا، کسی کو توقع نہیں تھی کہ ایران امریکا کے سامنے یوں ڈٹ جائے گا۔ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل، مغرب اور دیگر ممالک کی حمایت حاصل تھی۔جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈی فول سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آبنائے ہرمز کا تحفظ امریکی حملے اور بحری ناکہ بندی روکنے سے ہی ممکن ہے ۔گزشتہ روز عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 12 دنوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں،برینٹ نارتھ سی خام تیل 1.6 فیصد اضافہ کے ساتھ 89.13 ڈالر فی بیرل، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 1.8 فیصد اضافہ کے ساتھ 83.62 ڈالر فی بیرل پرپہنچ گیاجو کہ 31 جولائی کے بعد بلند ترین سطح ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments