بانی پی ٹی آئی صحتمند،حکومت عدالتی فیصلوں کی پابند:عقیل ملک
ہرہفتے بشریٰ بی بی کی بانی سے ملاقات ہوتی ہے ،کیا وہ ان کی فیملی کا حصہ نہیں اداروں کو ٹارگٹ کرنا منظور نہیں: ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو
لاہور (دنیا نیوز )وزیر مملکت برائے وزارت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کو ڈاکٹرز تسلی بخش قرار دے رہے ہیں ، ان کی جماعت کی جانب سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں ، ان کی صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں،دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی جانب سے ، منظم مہم چلائی جا رہی ہے ، ان سے جیل مینوئل کے مطابق ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں ، پی ٹی آئی نے بانی سے ملاقات کیلئے ہائیکورٹ میں پٹیشنز ڈالی ہوئی ہیں ، شاید سپریم کورٹ میں بھی ہے ، ایک پر تو شاید فیصلہ بھی محفوظ ہو چکا ہے ، حکومت عدالتی فیصلوں کی پابند ہے ، یہ ہائیکورٹ کے ٖ فیصلوں کی خلاف ورزی کرر ہے ہیں ، میں تو بار بار کہہ رہا ہوں کہ یہ ایک انڈر ٹیکنگ عدالت میں اور دوسری سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دے دیں۔
کہ یہ اب قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کریں گے ، اگر کی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے بشریٰ بی بی کی بانی سے ملاقات ہوتی ہے ، ان کی فیملی بھی ان سے ملتی ہے ، کیا بشریٰ ان کے خاندان کا حصہ نہیں ہیں ؟ ، اس ملاقات میں جیل کے کسی عہدیدار کا عمل دخل تک نہیں ہوتا ، نہ ان کی باتیں سنی جاتی ہیں، جیل مینوئل کے مطابق تنہائی میں ان کی ملاقات ہوتی ہے ، ایک دفعہ تو بانی کی ایک غیر سیاسی سمجھی جانے والی بہن کی ان سے ملاقات کروا دی گئی۔ عظمیٰ صاحبہ نے تو ملاقات کے بعد علیمہ خان، نورین خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ،باہر آتے ہی اداروں کو ٹارگٹ کیا ، زہر آلود باتیں کیں ، ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ ملاقات کے بعد اداروں کو ٹارگٹ کریں،یہ منظور نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments