جشن آزادی کی مرکزی تقریب آج یادگار فتح پر ہو گی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پولیس نے آ ج 13 اگست کو یادگار فتح ایچ ایٹ میں ہونے والی مرکزی تقریب کے لیے ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے ۔
ٹریفک پلان کے مطابق اسلام آباد میں 12 اگست کی رات 12 بجے سے 14 اگست کی رات 12 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا ۔کورال چوک سے خیابان چوک کی جانب ایکسپریس وے اور فیصل ایونیو دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہیں گے ۔ روات اور جی ٹی روڈ سے آنے والے شہری متبادل کے طور پر کورال ایکسپریس وے ، کھنہ پل لوپ، لہتراڑ روڈ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک، مری روڈ، سرینا ہوٹل، سہروردی روڈ، جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کر سکیں گے ۔ ایکسپریس وے کے ذریعے کورال جانے والے شہری راول روڈ اور پرانا ایئرپورٹ روڈ اختیار کریں گے ۔ راولپنڈی سے مری اور بہارہ کہو جانے والے شہری فیض آباد، مری روڈ، راول ڈیم چوک اور کشمیر چوک کے راستے مری روڈ استعمال کریں ۔گارڈن شکر پڑیاں سے آئی ایٹ اور فیصل ایونیو کی جانب ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگی۔ آئی ایٹ جانے والے شہری سیونتھ ایونیو، جناح ایونیو اور نائنتھ ایونیو کا متبادل راستہ اختیار کریں گے ۔ مری اور بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہری مری روڈ، سرینا ہوٹل، سہروردی روڈ اور جناح ایونیو کا راستہ اختیار کریں گے ۔ ایئر پورٹ جانے والے شہری مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، پشاور موڑ فلائی اوور، سری نگر ہائی وے اور ایران ایونیو کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments