بھارت راہ راست پر نہ آیا تو براہ راست جواب دینگے : وزیر اعظم
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی شرکت،ملک بھر میں آزادی کے رنگ،آتش بازی، آج توپوں کی سلامی ،پرچم کشائی ہوگی بانیان پاکستان کا ویژن،حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کیلئے مشعل راہ، خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں :فوجی سربراہان
اسلام آباد،لاہور(دنیا نیوز،اپنے سٹی رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)ملک بھر میں جشن آزادی کے رنگ بکھر گئے ، معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کی یاد میں اسلام آباد میں قائم یادگار فتح کے افتتاح کے موقع پر قومی جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔مسلح افواج کے ساتھ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا ،بلوچستان ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے سول آرمڈ فورسز کے دستوں نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی صدر مملکت کے ہمراہ تقریب میں پہنچے ۔ سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور غیرملکی سفارت کار بھی تقریب میں شریک ہوئے ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
بعدازاں تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یادگارفتح کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔تقریب میں اتحاد، یکجہتی اور قومی وحدت کی خوبصورت عکاسی کی گئی، یادگار فتح کو قومی تاریخ، معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی قربانیوں اور عزم صمیم کی علامت قرار دیا گیا جبکہ باوقار دستے قومی اتحاد اور یگانگت کی علامت بنے ۔تقریب کے دوران یادگار فتح کی تعمیر سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، افتتاحی تقریب کو مسلح افواج اورپولیس کے دستوں نے چارچاند لگائے ۔ صدر زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، یادگار فتح معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی لازوال داستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران امریکا جنگ بندی میں فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اہم کردار ادا کیا، عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا کے امن اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کسی صورت قابل قبول نہیں، گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یادگار فتح کے سائے میں پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، قائد اعظم ؒ نے قوم کو غلامی کے اندھیروں سے نجات دلا کر آزادی دلائی، معرکہ حق کی کامیابی پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یادگار فتح افواج پاکستان کی برتری کی علامت ہے ۔وزیراعظم نے کہا آج دلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹیں مار رہا ہے ، فیلڈ مارشل و افواج پاکستان کو معرکہ حق کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، دشمن کو عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اعلان کرتا ہوں پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے ، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔قوم متحد ہو تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کرے ، پاکستان کے ہم سب وارث ہیں، اختلافات دشمنی میں تبدیل نہیں ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکاہے ، چاہتے ہیں دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے ، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا۔ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے ، مکہ دفاعی معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے ، فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے ،کشمیریوں کے لیے ہمارا مؤقف دو ٹوک ہے ، قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو مشورہ ہے کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی سے روکے ۔صدرٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بروقت جنگ بندی کروائی، امید ہے مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں، پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچائیں۔انہوں نے کہا یادگار فتح کے بامقصد ڈیزائن اور نفیس طرز تعمیر انتہائی کم وقت میں ہوئی ہے ، اس حوالے سے پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جنہوں نے اس کے لیے کام کیا، یادگار فتح صرف ایک عمارت نہیں بلکہ ان عظیم شہدا کو خراج عقیدت ہے جنہوں نے دفاع وطن کے لیے شہادت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان غازیوں کو خراج تحسین ہے جنہوں نے دشمن کے مقابلے میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور یہ یادگار اس عظیم قوم کے اتحاد کی علامت ہے جو مشکل ترین وقت میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور اے آئی نے تبدیلی پیدا کی ہے ، یہ ایک نئی دنیا ہے ، جس میں جینے کے طور طریقے بھی نئے ہیں ، انہوں نے کہا نئی چیزیں ایجاد کریں اور نئی دنیا آباد کریں ، وعدہ ہے حکومت حتی المقدر تمام وسائل فراہم کرے گی۔ادھرپاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی لائٹوں سے سجا دیا گیا، گھروں کی چھتوں، عمارتوں پر قومی پرچم آویزاں ہیں، مارکیٹیں اور بازار جھنڈیوں، بیجز اور آرائشی اشیاء سے سج گئے ۔ پنجاب اسمبلی کی تاریخی عمارت کو بھی قومی پرچم کے رنگ والی روشنیوں سے سجایا گیا ہے ۔ جشن آزادی کے سلسلے میں سجائے گئے بازاروں میں رات گئے تک گہما گہمی رہی ، بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کا جم غفیر بھی بازاروں میں اُمڈ آیا ہے ، سٹالز پر بڑے جھنڈے ، جھنڈیاں، بچوں کیلئے ماسک، بیجز، گھڑیاں اور ٹوپیاں بھی رکھی گئیں۔
یوم آزادی کی مناسبت سے سبز ہلالی رنگ کے ملبوسات بھی بچوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔رات 12 بجتے ہی آتش بازی کی گئی،آج 14 اگست کے دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی اور پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا، لاہور میں حضوری باغ و شاہی قلعہ میں پر وقار تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شاہی قلعہ حضوری باغ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرینگی ۔ مزار اقبال پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی، پرچم کشائی بھی کی جائے گی ۔دوسری طرف پنجاب پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں 300 سے زائد تقریبات کیلئے 28 ہزار سے زائد پولیس افسر و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہوں گے ، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جشن آزادی کی تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ہلڑ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، سڑکیں بلاک کرنے اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنائیں گے ۔ شیخوپورہ ریجن میں 1672، گوجرانوالہ 3075، راولپنڈی 2994 اور سرگودھا ریجن میں 1129 افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ اسی طرح فیصل آباد ریجن میں 3515، ملتان 2818، ساہیوال 1578، ڈی جی خان 1256 اور بہاولپور ریجن میں 2678 پولیس افسران و اہلکار جشن آزادی کے سکیورٹی انتظامات پر مامور ہوں گے ۔ ادھر جشن آزادی کے سلسلہ میں لاہورہائیکورٹ اور صوبہ بھر کی ماتحت عدالتیں آج بند رہیں گی،اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہو گی جس میں چیف جسٹس عالیہ نیلم قومی پرچم لہرائیں گی ، تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز بھی شریک ہوں گے جبکہ پولیس کا چا ق و چوبند دستہ چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کرے گا۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ اندرونِ اور بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں،14 اگست کے دن ہم ان قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا، ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ، تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں ، کارکنوں اور ان تمام لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر بار اور روزگار تک چھوڑ د ئی ، پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا۔ صدر نے کہا کہ گزشتہ سال معرکۂ حق نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے عزم اور صلاحیت سے بھی مالا مال ہے ،آج ہمیں جو امن اور استحکام حاصل ہے اس کے لئے بڑی قیمت ادا کی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ وقت ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ دینے اور ان کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کا بھی ہے جو پاکستان کے مستقبل کا تعین کریں گے ، صدر نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور ان کے حقوق کیلئے جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں ۔اس موقع پر میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اختلافات کے باوجود ہم نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ افغانستان کی قومی خودمختاری کا احترام اور حمایت کی لیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ افغانستان کی موجودہ عبوری حکومت دہشت گرد گروہوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے اور پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف حملے کرنے کی اجازت دے رہی ہے ،افغان طالبان حکمران پاکستانی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف دہشت گرد حملوں میں بھارت کے ساتھ تعاون بھی کر رہے ہیں،میں انہیں خبردار کرتا ہوں کہ پاکستانی عوام کے خلاف شرپسندانہ کارروائیاں بند کریں اور سب کو یقین دلاتا ہوں پاکستان کی مسلح افواج ان مذموم عزائم کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے کے پُرمسرت موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ،ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی داستان رقم کی اور جدوجہد آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی،14 اگست 1947ء کو ہمیں ایسی سر زمین میسر ہوئی جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار اور دین و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی استوار کر سکیں ،حکومت پاکستان نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا اور اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے ۔ معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی،پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے تزویراتی کردار اور ابھرتی قوت کا اہم مظہر ہے ۔ آئیے آج کے دن اپنے قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم یک جان ہو کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی وخوشحالی ،امن و استحکام اور باہمی ہم آہنگی اور یگانگت کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے ۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ،نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف ،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور مسلح افواج نے بھی قوم کو یوم آزادی پر مبارکبادی اور قائداعظم محمد علی جناحؒ، تحریک پاکستان کے بانی رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ان کی قربانیوں نے آزادی کے خواب کو خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدل دیا، ان کا ویژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کیلئے مشعل راہ ہے ، یہ ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کے تحفظ کی ترغیب دیتا ہے ۔مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے عزم کا اعادہ کیا، مسلح افواج ہر خطرے کیخلاف مادر وطن کا دفاع اور آئین کی پاسداری کریں گی، عوام کی سونپی مقدس ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج امن، استحکام اور قومی ترقی کے لئے کردار ادا کرتی رہیں گی، پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے ، یوم آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے عہد کی تجدید کریں۔ قومی یکجہتی، رواداری اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments