پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ آغاز

پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ آغاز

پاور سیکٹر کو مزید اختراع، تخلیقی سوچ اور مسلسل بہتری کی ضرورت ، اویس لغاری

اسلام آباد(نامہ نگار) وزارتِ توانائی نے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ قومی پروگرام کے لیے انوویشن حب مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔پروگرام کے تحت نوجوانوں، محققین، جامعات، سٹارٹ اپس، صنعت اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا تاکہ ملک کو درپیش توانائی کے چیلنجز کے لیے عملی اور اختراعی حل تیار کیے جا سکیں۔ اس کا مقصد قابلِ عمل خیالات اور تحقیقی کاوشوں کو آزمودہ اور قابلِ توسیع حل میں تبدیل کرنا ہے تاکہ پاور سیکٹر کو زیادہ مؤثر، قابلِ اعتماد اور پائیدار بنایا جا سکے۔

آئندہ تین برسوں کے دوران ایک ارب روپے سے زائد رقم کامیاب اختراعات کی سرپرستی، تکنیکی معاونت، آزمائشی نفاذ اور قابلِ عمل منصوبوں کو قومی سطح پر وسعت دینے کے لیے مختص کی جائے گی۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجیز اور نئے کاروباری ماڈلز نے ترقی کے تقاضوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ اگر ادارے مسلسل اختراع نہ کریں تو وہ ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کو صرف مزید محنت کی نہیں بلکہ مزید اختراع، تخلیقی سوچ اور مسلسل بہتری کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...