لاہور:پولیس پر 2 حملے، سب انسپکٹر سمیت 3 شہید
شہدا میں سب انسپکٹر عدیل، اسد، حارث شامل،2اہلکاروں سمیت 4زخمی
لاہور (کرائم رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں مسلح افراد نے 2مختلف مقامات پر حملہ کرکے سب انسپکٹر سمیت 3پولیس اہلکاروں کو شہید ،2اہلکاروں سمیت 4افراد کو زخمی کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ بادامی باغ کے علاقے میں خطرناک ملزم ریحان بٹ کے گھر سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد نے چھاپہ مارا توریحان بٹ ودیگر ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں دونوں پولیس اہلکار شہید ہو گئے ، ملزم وقوعہ کے بعد رکشے میں بیٹھ کر فرار ہو گئے ، پولیس حکام کے مطابق بادامی باغ واقعے کی تحقیقات جاری تھیں کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے تھانہ نواں کوٹ کی حدود میں کالعدم مذہبی تنظیم کے ہیڈ کوارٹر کے باہر تعینات پولیس اہلکا روں پربھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار حارث شہید ہو گیا جبکہ شعبان اور شفیق شدید زخمی ہو گئے 2 راہگیر بھی زخمی ہو گئے ، حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ،زخمیوں کوشیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزموں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے ، دونوں مقامات پر فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم ریحان بٹ ہے جس کا بھائی مبینہ شوٹر فیضان بٹ سی سی ڈی سے مقابلے میں مارا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ملزم ریحان بٹ نے عدیل کو فون کر کے اپنے بھائی کا بدلہ لینے کی دھمکی دی تھی ،مزید برآں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شیخ زید ہسپتال جا کر زیرعلاج زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اوران کی خیریت دریافت کی۔انہوں نے زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کیں ،ادھر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پولیس افسروں اور جوانوں کو ٹارگٹ کلرز کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر الرٹ رہنے اور مسلح رہنے کی ہدایت کردی ہے ،جاری آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسر وں اور جوانوں کے پاس اسلحہ ہونا ضروری ہے ، شہر میں پولیس پر دوبارہ کسی قسم کا حملہ ہونے کی صورت میں پولیس ملازم فوری کارروائی کرے ، کسی قسم کی کوئی انکوائری نہیں ہوگی،علاوہ ازیں پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزم باپ اور بیٹا نکلے ، ریحان بٹ اور اس کے والد فیاض بٹ نے اہلکاروں پر حملہ کیا ، ملزموں کے ساتھ ایک نامعلوم ملزم بھی حملے میں شامل تھا جس کی شناخت نہیں ہو سکی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments