حکومت اور منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز میں معاملات طے ، ہڑتال ختم
زیادہ تر مطالبات حکومت نے مان لیے ،باقی پر حکومت کمیٹی تشکیل دیگی،شیر علی صدرگڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت میں مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ،ہڑتال جاری
اسلام آباد(دنیا نیوز)ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال چھٹے روز حکومت اور منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ختم ہوگئی۔صدر پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن حاجی شیر علی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 روز سے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری تھے ، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدا گاڑیوں کے وزن کا معاملہ حل ہو گیا ہے ، جبکہ موٹرویز پر مزدا گاڑیوں کے ذریعے جانوروں کو لانے کا معاملہ بھی طے پاگیا ہے ۔حاجی شیر علی نے بتایا کہ کسٹم سے متعلق ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ بھی حل کر لیا گیا ہے ، زیادہ تر مطالبات حکومت نے مان لیے ہیں، جو مطالبات باقی رہ گئے ہیں، ان پر حکومت کمیٹی تشکیل دے گی۔
علاوہ ازیں مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات میں تعاون پر فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور وزیر مواصلات کا شکریہ ادار کرتے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنویر احمد جٹ نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے ، ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ڈیزل کی روزانہ قیمت مقرر کرنے کے بجائے معاملات طے کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، اگر ٹرانسپورٹرز کے مطالبات حل نہ کیے گئے اور وعدہ خلافی کی گئی تو دوبارہ پورے ملک کو بند کر دیں گے ۔ دوسری طرف وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی، ہڑتال کے اثرات بڑے شہروں کی منڈیوں میں واضح نظر آنے لگے۔
گڈر ٹرانسپورٹرز کے عہدیداران نے ہڑتال پرآئندہ کے لائحہ عمل کے لیے آج اجلاس طلب کیا ہے ۔ سبزیوں، آٹے اور دالوں کی قیمتو ں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔پشاور میں20 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے اضافے سے 3 ہزار 150کا ہوگیا، دالوں کی قیمت بھی 15سے 20 روپے تک بڑھ گئی۔کوئٹہ میں پیاز کی فی کلو قیمت سو سے 180 روپے جب کہ مرغی کی قیمت 50 روپے بڑھ کر 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ادھر کراچی میں چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے سبزیوں کی ترسیل جاری ہے ۔ہڑتال کے باعث ملکی برآمدی شعبے کو تیار مصنوعات بندرگاہ تک پہنچانے میں دشوار ی کا سامنا ہے ۔گڈز ٹرانسپورٹرز کے صدر نبیل محمود طارق کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہیں ، حکومت ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل ختم کرنے پر تیار نہیں اس لیے ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments