مریم نواز کا سیف سمارٹ سٹیز پراجیکٹ یونین کونسلز تک لے جانے کا اعلان

مریم  نواز  کا  سیف  سمارٹ  سٹیز   پراجیکٹ  یونین  کونسلز  تک  لے  جانے  کا   اعلان

مزید 1500پینک بٹن نصب کرینگے ،شہباز کو کریڈٹ نہ دینا زیادتی ہوگی ،اب پنجاب میں کوئی نو گو ایریا نہیں کون کہتا ہے صرف لاہور میں کام ہورہا ،پنجاب میں تو جانوروں کی بھی حفاظت کی جاتی:خطاب،یوم آزادی پرمبارکباد

لاہور(نیوزایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 14اگست پرخاص اور تاریخی پراجیکٹ،پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کا ڈیجیٹل افتتاح کردیا،پنجاب تمام 41 اضلاع اور 02 تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے ،پولیس، سی سی ڈی اور سیف سٹیز اتھارٹی کی مشترکہ کوششوں سے جرائم میں تقریباً80فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے ،وزیراعلیٰ نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر زمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اورسیف سمارٹ سٹیز پراجیکٹ کو ہر تحصیل اوریونین کونسل تک لیجانے اور مزید 1500پینک بٹن نصب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہر پولیس سٹیشن اورنمایاں عوامی مقامات پر پینک بٹن لگائے جائیں گے ،پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم سیف سٹی نیٹ ورک کی تقریب کایوم آزادی پر انعقاداعزاز ہے ۔ روشن چہروں اورجواں ہمت بچوں کو دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے ،یہ کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ روجھان اورہارون آباد جیسے دوردراز علاقوں سے آنے والے بچوں کا پولیس کمیونیکیشن آفیسر بننا خوش آئند ہے ۔

آج سیف سٹی اتھارٹی دیکھ کر میں سر جھکا کراللہ کا شکرادا کرتی ہوں۔ شہبازشریف صاحب کو سیف سٹی اتھارٹی کا کریڈٹ نہ دیا جائے تو زیادتی ہوگی۔شہبازشریف صاحب میرے چچا،مینٹور اورسیف سٹی کے بانی ہیں۔اڑھائی سال میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کا ہر ضلع سیف سٹی بن چکا ہے ۔ایک ہی سکرین پر پورے پنجاب کا نظر آنا معمولی بات نہیں۔پنجاب ٹیکنالوجی سیفٹی ماڈل میں نیشنل لیڈر بن چکا ہے ۔ ماضی میں پنجاب کے 70سے زائد علاقے نو گو ایریا کہلاتے تھے جہاں شام کو آمدورفت بندکردی جاتی تھی۔اب اللہ تعالی کے فضل و کرم سے کچے سمیت پنجاب کا کوئی علاقہ نو گو ایریا نہیں۔کچے کے علاقے میں تقریباً10ما ہ سے سنگین جرائم اوراغوابرائے تاوان کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔کچے کے علاقے میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ ٹورنامنٹ کرایا۔ کچے کے علاقے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری غیر معمولی بات ہے ۔ پورے پنجاب میں پینک بٹن کی تعداد بڑھارہے ہیں تاکہ بچوں اورخواتین میں احساس تحفظ اجاگر ہو۔ کہیں بھی کوئی ایونٹ ہورہا ہو تو سیف سٹی کی آنکھ سب کو دیکھ رہی ہوتی ہے ۔ سیلاب کے دوران نائٹ ویژن کیمرے کی مدد سے انسانوں اورجانوروں کی بھی نشاندہی ممکن ہوئی۔ پنجاب وہ صوبہ ہے جہاں انسانوں کی نہیں بلکہ جانوروں کی بھی حفاظت کی جاتی ہے ۔

سیف سٹی کیمرے نے تاروں میں اٹکے پرندے کی نشاندہی کی تو ریسکیو 1122نے سیڑھی لگا کر اسے آزاد کرایا۔پنجاب اب ہر ایک کے لئے محفو ظ اوربہتر بن چکا ہے ۔ پنجاب جاگ رہا ہے جہاں فیصلے اندھیروں میں نہیں ڈیٹا کی بنیاد پر کرکے انسانی جانیں بچائی جاتی ہیں۔ پنجاب میں سیف سٹی اوردیگراقدامات سے جرائم میں کمی آئی کیونکہ مجرم جانتے ہیں کیمرے کی آنکھ دیکھ رہی ہے ۔کون کہتا ہے کہ صرف لاہور میں کام ہورہا ہے ہر ڈسٹرکٹ میں سیف سٹی نظر آئے گا۔ لوگوں کے لئے حکومت جاگ رہی ہے ۔اللہ پاکستان کو سدا قائم و آباد اورپرچم کو سربلند رکھے ۔ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کی سیف سٹی سکرینوں کا مشاہدہ بھی کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں پوری قوم کو مبارکباددی اور اظہار تشکرکیا،وزیراعلیٰ نے قائد اعظم، علامہ اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، زعما کرام اور تمام اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یوم آزادی پر ہم سب کو تعمیر وطن میں اپنا اپنا بھرپور کردارادا کرنے کا وعدہ نبھانا ہوگا۔ آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم ہے اور پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...