کراچی :جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ، خاتون سمیت 2 جاں بحق

کراچی :جشن آزادی پر ہوائی  فائرنگ، خاتون سمیت 2 جاں بحق

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسیاں) جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، کمسن بچوں سمیت 96 افراد زخمی ہوگئے ۔

 چھیپا ذرائع کے مطابق فائرنگ سے زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے سول ، جناح اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق ہوائی فائرنگ سے 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔ اعداد و شمار کے مطابق سول ہسپتال میں 27، جناح 37 اور عباسی شہید ہسپتال میں 32 زخمی لائے گئے ۔ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 41 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرلئے ۔چھیپا ذرائع کے مطابق پاپوش نگر صرافہ بازار کے قریب چلنے والی گولی سے 32 سالہ ندا زوجہ چاند، پرانی سبزی منڈی کے قریب 42 سالہ محراب جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول محراب گزشتہ شب گھر کے باہر موجود تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہونے والی ہوائی فائرنگ کے باعث سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوا۔پی آئی بی پولیس نے ہوائی فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل بالسبب کی دفعہ کے تحت نامعلوم ملزموں کے خلاف درج کیا ہے ۔مختلف علاقوں میں زخمی ہونے والوں میں 57 مرد، 15 خواتین، 15 بچے اور 8 بچیاں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات نارتھ ناظم آباد، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، گلستان جوہر، ملیر، عزیز آباد، نیو کراچی، لیاقت آباد، صدر، گارڈن، لیاری، جمشید کوارٹرز، لانڈھی، محمود آباد، پی آئی بی کالونی، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں پیش آئے ۔ ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی شناخت عبدالمطال، رحیم، علی، محمد زین، ابراہیم، فرمان، محمد علی، مزمل، مرفہ، نیہا، زینب، انیسہ اور علیشہ سمیت دیگر ناموں سے ہوئی، جبکہ بعض زخمیوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب ہوائی فائرنگ کے واقعات کے بعد شہریوں میں تشویش پائی گئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...