ایبٹ آباد:دریائے ہرو پر عارضی پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا
لورا کادیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع،دوافراددریائے کنہار میں نہاتے جاں بحق آج رات کولاہور،گوجرانوالہ، اسلام آباد، راولپنڈی،بالائی علاقوں میں بارش کاامکان
ایبٹ آباد (این این آئی،اے پی پی)ایبٹ آباد کے علاقے مالمولا میں دریائے ہرو پر بنایا گیا عارضی پل سیلابی ریلے میں بہہ گیاجس سے تحصیل ہیڈ کوارٹر لورا کا ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ لوگ جان خطرے میں ڈال کر دریائے ہرو پیدل یا گاڑیوں کے ذریعے عبور کرنے پر مجبور ہیں۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے مطابق گزشتہ سال اگست میں مالمولا کے مرکزی پل کو نقصان کے باعث ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا، متاثرہ حصے کی تعمیر نو کی منظوری دیدی گئی ہے ۔متبادل عارضی راستہ ستمبر 2025میں بنایا گیا تھا جو حالیہ بارشوں سے متاثر ہوا لیکن بعد میں بحال کردیا گیا۔ مانسہرہ میں گڑھی حبیب اﷲکے علاقے جاگیر میں دریائے کنہار میں نہاتے دو افراد پانی کے تیز بہائو کی نذر ہو کر جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاہم مقامی افراد دونوں کی لاشیں دریا سے نکال چکے تھے۔ ایک لاش گل ڈھیری جبکہ دوسری کرنول کے مقام سے برآمد ہوئی۔ ادھر محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گاتاہم آج شام یا رات کے اوقات میں لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، مری، گلیات، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال ، گجرات کے گردونواح سمیت بالائی خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ بحیرہ عرب سے معتدل مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے شمال مغربی حصوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا ،شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش چکوال 26، مری 15، سیالکوٹ (ایئرپورٹ 11، سٹی 8)، گجرات 5، منگلا 3، نارووال 2،لوئر دیر 20، بالاکوٹ 14، مالم جبہ 6، کالام 2، پاراچنار 2، پٹن 1، مظفرآباد 6، گڑھی دوپٹہ 2، کوٹلی 2 بلوچستان میں ژوب 22، خضدار 8، گلگت بلتستان گوپس میں5، بابوسر 4، بونجی اور چلاس میں 1ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے ۔دریائے چناب ،جہلم، راوی اور ستلج سمیت ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ کالا باغ 3 لاکھ56 ہزار کیوسک ،چشمہ میں3 لاکھ 32 ہزار اور تربیلا میں پانی کا بہاؤ2 لاکھ 89 ہزار کیوسک ہے ۔ نارووال کے نالہ بسنتر، نالہ ایک اور پلکھو وزیر آباد میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 67 فیصد بھر چکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments