سینیٹ اجلاس آج ، 64نکاتی ایجنڈا جاری ،اہم بلز شامل
قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس اور مختلف شعبوں سے متعلق قانون سازی پیش کی جائیگی تجارتی خسارے ، ریلوے کارکردگی، سیلابی صورتحال کے معاملات زیرغور آئینگے
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) ایوان بالا کا اجلاس آج شام 4 بجے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوگا۔ ڈیڑھ ماہ بعد ہونے والے اجلاس کا 64 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس میں اہم نجی بل، قراردادیں اور قومی امور زیرغور آئیں گے ۔سینیٹ سیکر ٹریٹ کے مطابق اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی مختلف بلوں پر رپورٹس پیش کی جائیں گی جبکہ متعدد نجی بل بھی زیرغور آئیں گے ۔ ان میں آئینی ترمیم، ڈسپوزایبل سرنجوں کے استعمال، پاکستان پینل کوڈ، ضابطہ فوجداری اور صنعتی تعلقات ایکٹ میں ترامیم شامل ہیں۔قومی اسمبلی سے منظور ہوکر سینیٹ کو بھجوایا گیا انسدادِ زیادتی قانون میں ترمیم کا بل بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
درآمدات و برآمدات، خصوصی ٹیکنالوجی زونز، سول سرونٹس، انتخابات، فوجداری قوانین اور پاسپورٹس ایکٹ سے متعلق ترامیمی بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔اجلاس میں بعض نجی بل واپس لینے کی درخواستیں بھی پیش ہوں گی۔ اس کے علاوہ مذہبی رہنماؤں، دینی مدارس کے اساتذہ اور خطباء کے لیے انسانی حقوق، سماجی انصاف اور برداشت سے متعلق تربیتی پروگرام وضع کرنے کی سفارش پیش کی جائے گی۔داسو ہائیڈرو پاور منصوبے سے متاثرہ خاندانوں اور مقامی آبادی کی ترقی کے لیے اقدامات کی قرارداد بھی پیش ہوگی جبکہ شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں زچگی کے دوران اموات، بالخصوص بعد از زچگی شدید خون بہنے ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور مون سون سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں پر بحث ہوگی۔بڑھتے تجارتی خسارے ، پاکستان ریلوے کی کارکردگی، مالی و انتظامی مشکلات، خستہ حال ٹریکس اور ٹرین آپریشنز کی سکیورٹی بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments