چھٹے سپیل کا الرٹ جاری،آج سے 21اگست تک مزید بارشیں

 چھٹے سپیل کا الرٹ جاری،آج سے 21اگست تک مزید بارشیں

راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ،لاہور میں اربن فلڈنگ کا امکان بڑ ھ گیا بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ مکمل کھول دئیے ، سیلابی صورتحال کی وارننگ

لاہور (اے پی پی)پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کردیا، 21 اگست تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔ بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ مکمل طور پر کھول دئیے ، جس کے بعد دریائے چناب میں پاکستان کی جانب پانی کا اخراج شروع ہوگیا ہے ۔ پانی کی سطح میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا۔فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈمرالہ، خانکی اور قادرآباد پر پانی کے شدید دباؤ کا خدشہ ہے ۔اعلامیے کے مطابق ہیڈمرالہ کے مقام پر اگلے 48 گھنٹوں میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے ، دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کی مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ ملاکنڈدرگئی میں موسلادھار بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے 9 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ درگئی کے علاقے سدرا جووڑ، باری پل میں شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں ایک کچے مکان کے برآمدے کی چھت اچانک گر گئی۔

حادثے کے نتیجے میں 9 سالہ ولید خان ملبے تلے دب گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد ، وزیرآباد ،لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی ،نورپور تھل میں بارش کا امکان ہے ۔ آج سے 20 اگست تک راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ جبکہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی پلندری ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔خیبر پختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ،چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم،باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،پشاور اور مردان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ تربیلا ڈیم اپنی آخری حد تک بھر گیا جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 68 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...