مدارس رجسٹریشن،بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل کیا جائے ،طاہر اشرفی
اگر نیٹو بن سکتا اور یورپی یونین اکٹھی ہو سکتی تو اسلامی دنیا کیوں اکٹھی نہیں ہو سکتی ہماری کوشش ہوگی تمام اسلامی ممالک مکہ معاہدہ میں شامل ہو ں ،کانفرنس سے خطاب
لاہور( این این آئی) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن اوربینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل کیا جائے ۔ پاکستان میں مدارس کے 15 بورڈز موجود ہیں، 22 ہزار مدارس کی رجسٹریشن چیریٹی کمیشن کے ذریعے کی جائے تاکہ نیا نظام شروع کرنے کی ضرورت نہ پڑے ،مدارس کے بینک اکانٹس کھولنے کی سہولت فراہم کی جائے اور بیرونِ ملک سے آنے والے طلبہ کے لیے بھی ضروری سہولیات پیدا کی جائیں، ہماری کوشش ہوگی کہ تمام اسلامی ممالک مکہ معاہدہ میں شامل ہو ں۔اگر نیٹو بن سکتا اور یورپی یونین اکٹھی ہو سکتی تو اسلامی دنیا کیوں اکٹھی نہیں ہو سکتی۔ماڈل ٹاؤن میں متحدہ مدارس کونسل پاکستان کے زیر اہتمام تحریک پاکستان سے استحکام پاکستان تک ، علما ئے کرام مدارس کا کردار و قومی رواداری کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارس دین اسلام اورپاکستان کی خدمت کررہے ہیں، آج بھی بر ملا کہتے ہیں اگر کسی مدرسہ سے متعلق کہا جائے کہ وہاں انتہا پسندی یا دہشتگردی کی تربیت دی جا رہی ہے تو اسے خود تالہ لگائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ مکہ مکرمہ مسلم امہ کی وحدت و اتحاد ہے اسے آگے بڑھنا چاہیے ،معاہدہ مکہ مکرمہ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں تاکہ اسرائیل کو ناکام بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments