چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات ، ووٹ میں خیانت کے اثرات مدتوں بھگتنا پڑتے ہیں : گورنر پنجاب

 چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات ، ووٹ میں خیانت کے اثرات مدتوں بھگتنا پڑتے ہیں : گورنر  پنجاب

الیکشن اصلاحات کیلئے مزید اقدامات، انتخابی عمل مؤثر اور شفاف بنانے ،ووٹرز کے اندراج اوردیگر امور پر تبادلہ خیال ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، اسی میں بہتری لانا وقت کی ضرورت ہے :سردار سلیم حیدر

لاہور(سٹاف رپورٹر سے )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں گزشتہ روز ملاقات کی ہے ، اس دوران انتخابات میں اصلاحات کیلئے مزید اقدامات، انتخابی عمل کو مؤثر اور شفاف بنانے ،ووٹرز کے اندراج سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کو مؤثر اور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے ،ووٹ عوام کی امانت ہے اور اس میں کی جانے والی خیانت کے اثرات قومیں مدتوں بھگتتی ہیں، ایسا ضابطہ اخلاق تیار کیا جانا چاہئے جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ ہو اور عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، اسی نظام میں بہتری لانا وقت کی ضرورت ہے ، قوم کی خواہش ہے انتخابات شفاف اور غیر جانبدار انداز میں منعقد ہوں ،ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لاسکتے ہیں،گورنر پنجاب نے مستحکم جمہوری نظام کیلئے ہر فرد کے فعال کردار کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات سے قبل ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنائے ، انتخابی عمل کے ہر مرحلے میں شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...