اپوزیشن جلد بامقصد اور تعمیری مذاکرات کرے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے: شہباز شریف

 اپوزیشن جلد بامقصد اور تعمیری مذاکرات کرے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے: شہباز شریف

ملک کی معاشی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے معاملات کو بیٹھ کر طے کر نا ہو گا،دیکھنا ہے اپوزیشن ملک کیلئے کتنی سنجیدہ ہے ،تاجروں کو بیجا تنگ نہیں کیا جائیگا:وزیراعظم ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے لٹر کمی خوش آئند،دعا ہے حالات بہتری کی طرف جائیں،وفاقی کابینہ سے خطاب ، یوتھ پالیسی منظور، پنشنرز کیلئے جدید تصدیقی نظام کا افتتاح

 اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹر نگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو با مقصد مذاکرات کی دعوت دے دی، انہوں نے کہا ملک کی معاشی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے معاملات کو بیٹھ کر طے کر نا ہو گا ،جلدتعمیری بات چیت کا انحصار اپوزیشن پر ہے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے ،میں ایک بار پھر اس فورم سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے اور جمہوریت کو مضبوط بنایا جا سکے ، آئیں بیٹھ کر بات چیت کریں،انہوں نے کہا تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ، اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کتنی جلدی تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہوتی ہے اور ملک کے لئے کتنی سنجیدہ ہے ۔وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 32 روپے فی لٹر کمی کا بھی ذکر کیا اور اسے وزارت پٹرولیم کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہوئی تھی، خطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹ بند ہیں، تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایران سے متعلق جنگی صورتحال کے آغاز پر وفاقی حکومت نے عوام کو سہولت دینے کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے بجٹ میں 128 ارب روپے کی کمی کی تھی، جبکہ صوبوں نے بھی اس عمل میں تعاون کیا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے ، اس لیے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی صورتحال خراب ہونے کے باعث تیل کی سپلائی میں مشکلات ہیں امید کی جاتی کہ حالات جلد ٹھیک ہوں کیونکہ صورتحال میں بہتری پاکستان کی معیشت کے لئے بھی اہم ہے ۔ کاوشیں جاری ہیں اللہ سے بھی دعاہے کہ حالات بہتری کی طرف جائیں۔انہوں نے کہا معیشت کی بہتری کے لئے ڈھائی سال میں اہم اقدامات کئے ۔ جس کے مثبت نتائج بھی حا صل ہوئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ جولائی میں آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس پر انھوں نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ گوگل کے نئے دفتر کا پاکستان میں افتتاح بھی ایک اہم پیشرفت ہے اور حکومت مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل اقدامات کے ساتھ ساتھ نظامِ حکمرانی کو بھی ڈیجیٹل بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ حکومت اختلافات کے حل کے لیے بات چیت کی حامی ہے اور سیاسی استحکام ملک کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا گزشتہ روز حکومت نے تاجر بھائیوں کے لئے ایپ کا افتتاح کیا جو انکی مشاورت سے کیا گیا۔ ایف بی آر کی واضح پالیسی ہے ۔ تاجروں کو بیجا تنگ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا اب تعاون نہ کرنے والوں کو کڑی سزا دی جائے گی ۔ انہوں ریٹیلز ایپ سکیم کے اجرا کے لئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔ وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی روابط کی سفارش پر نیشنل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اصولی منظوری دے دی۔ یہ پالیسی پاکستان کی نوجوان آبادی کو با اختیار بنانے کے لئے ایک مربوط قومی فریم ورک بنانے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے ۔ اس پالیسی کے تحت حکومت کی سطح پر نوجوان آبادی کو مرکزی دھارے میں لایا جائے گا جو کہ نوجوانوں کو یکساں اور بہتر معاشی اور معاشرتی ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس پالیسی ،قومی فریم ورک کے چار بنیادی ستونوں میں تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات شامل ہیں۔ اس پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے پاکستان یوتھ ڈویلپمنٹ کونسل اور فیڈرل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ ایجنسی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پالیسی کی تشکیل کے حوالے سے ملک بھر میں 32 ہزار 145 سروے کئے گئے اور اس حوالے سے 2 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی آرا لی گئیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مذکورہ پالیسی کے حوالے سے کابینہ اراکین کی تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 9 جولائی، 2026 کو ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 اگست، 2026 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 18 جون 2026، 30 جولائی، 2026, 5 اگست، 2026 اور 18 اگست، 2026 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔دریں اثنا وزیراعظم نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہار عقیدت کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں کہادہشت گردی بنی نوع انسان کو درپیش سب سے سنگین مسئلہ ہے ۔ انسانیت سے عاری عوامل ہی معصوم انسانوں کی جانوں سے اپنے مذموم مقاصد کے لئے کھیل سکتے ہیں۔ دہشت گردی کے متاثرین میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور عمر بھر کے لئے زخمی ہو جانے والے افراد بھی ہمارے جذبہِ ہمدردی کے مستحق ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے متاثرین میں سے ہے ۔ نہ صرف ہماری نڈر افواج نے اس ناسور کے خلاف جنگ میں اپنی بیش قیمت جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے بلکہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر جوانوں اور افسران اور ہمارے معصوم شہریوں نے بھی جانیں قربان کی ہیں۔ہم دہشت گردی کے واقعات میں تمام جاں بحق افراد، شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا عالمی برادری کی دہشت گردی کی بلا مشروط مذمت اور اسکے مکمل خاتمے کے لئے موثر باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

آج کے دن میں عالمی، قومی، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مثبت انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کی بالادستی کو عملی طور پر تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی، تخریب کاری اور منفی رحجانات کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے پنشنرز کیلئے پروف آف لائف کے جدید نظام کا افتتاح کر دیا، انہوں نے کہا پنشنرز کیلئے نیا بائیو میٹرک اور چہرے کا تصدیقی نظام انسانیت کی بڑی خدمت ہے ، جدید ڈیجیٹل سسٹم اور ایپ سے لاکھوں پنشنرز مستفید ہوں گے ،نئے نظام سے پنشنرز کے بینکوں کے چکر ختم ہو جائیں گے ۔مزید برآں وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیرداخلہ محسن نقوی اور چاروں صوبوں کے آئی جیز نے شرکت کی۔ محسن نقوی نے وزیراعظم کو ملک کی داخلی سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ ملک میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...