آن لائن فراڈ، گرفتار غیر ملکیوں کیلئے لاک اپ سب جیل قرار
وزارت داخلہ، این سی سی آئی اے ، آئی جی اسلام آباد، انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا غیر ملکی شہریوں کی سہولت کاری میں مبینہ ملوث پاسپورٹ اہلکارجنیدمغل معطل
اسلام آباد ( عادل تنولی ) آن لائن فراڈ میں ملوث غیر ملکی شہریوں کی گرفتاری کے معاملے پر این سی سی آئی اے کے زیر حراست ملزمان کے لیے اسلام آباد میں سب جیل قائم کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد نے سیکٹر آئی ٹین میں واقع سب لاک اَپ کو سب جیل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سب جیل میں این سی سی آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کو رکھا جائے گا جبکہ سب جیل کی سکیورٹی اور زیرِ حراست افراد کی ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کی ہو گی۔ ریکارڈ کی دیکھ بھال کے لیے بی پی ایس 17 یا اس سے زائد گریڈ کا افسر بھی تعینات کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سب جیل کا قیام فوری طور پر نافذ العمل ہو گا اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔ سب جیل کے قیام سے متعلق وزارت داخلہ، این سی سی آئی اے ، آئی جی اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب غیر ملکی شہریوں کی سہولت کاری میں پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے پر ڈی جی پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے نوٹس لیتے ہوئے اہلکار جنید مغل کو معطل کر دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments