16 سال سے کم عمر بچی کی شادی ، رخصتی پر پابندی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاورکی عدالت نے پھندو کے علاقے میں 13سالہ بچی کی زبردستی شادی کے واقعے پر حکم نامہ جاری کردیا۔
ٹی وی کے مطابق عدالت نے 16 سال سے کم عمر بچی کی شادی اور رخصتی پر پابندی عائد کردی ۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بچی کی عمر 16 سال ہونے تک شادی یا رخصتی نہیں کی جائیگی، بچی کے والد نے 16 سال سے پہلے رخصتی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔چائلد پروٹیکشن یونٹ نے 13 سال 6 ماہ کی بچی کو بازیاب کراویا تھا،چائلڈ پروٹیکشن آفیسر عدالت میں بچی کی حفاظت سے متعلق سہ ماہی رپورٹ جمع کرائیں گے ۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معاملے کے فالو اپ کیلئے عدالت میں الگ فائل کھولی جائے ۔واضح رہے کہ بچی کی محفوظ تحویل اور تحفظ کیلئے چائلڈ پروٹیکشن آفیسر نے درخواست دائر کی تھی، عدالت میں بچی کے والد، دادا، دادی اور وکیل ارشاد مہمند ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔بچی کے اہلخانہ نے شادی کے الزامات کی تردید کی اورصرف منگنی تقریب کا دعویٰ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments