بھارت نے چناب کا پانی مکمل روک لیا ،نہر وں کو فراہمی بند
ہیڈ مرالہ کے 66 میں سے 62 سپل وے بند ،پانی کی سطح 14 ہزار کیوسک پرآگئی نہر اپر چناب اوردیگر نہروں پر پاور پراجیکٹس بند ہو جائیں گے :ہیڈ مرالہ اتھارٹی
سیالکوٹ (عمر فاروق )بھارت دریائے چناب کے پانی کے معاملے پر پاکستان کی ریڈ لائن کراس کرگیا،ہیڈ مرالہ کے مقام پر14 ہزار کیوسک پانی کی آمد ،صورتحال خطرے کی جانب بڑھنے لگی، چناب ،راوی،بیاس اور ستلج کے اطراف میں خشک سالی کا خطرہ،محکمہ انہار نے پانی نہ ہونے کے باعث نہروں کو پانی کی فراہمی روک دی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دریائے چناب پر قائم بگلیہار ڈیم او ر سلال ڈیم کے سپل وے بند کرکے چناب کا پانی مکمل طور پر روک لیا اور پاکستان کی ریڈ لائن کراس کرگیا ، جس کی بنا پر دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح 55 ہزار کیوسک سے کم ہو کر 14 ہزار کیوسک تک گر گئی ،جس کی بنا پر ہیڈ مرالہ اتھارٹی نے نہروں کو پانی کی فراہمی کیلئے ہیڈ مرالہ کے 66 میں سے 62 سپل وے بند کردئیے ہیں اور نہر اپر چناب ،نہر مرالہ راوی لنک کو انتہائی کم درجے کا پانی فراہم کیا جارہاہے۔
ہیڈ مرالہ اتھارٹی نے پانی کی بھارت کی طرف سے بندش اورکمی کی صورتحال سے وفاقی اور صوبائی حکومت اور دیگر اداروں کو آگاہ کردیا ہے ، اگر ایسی صورتحال رہی تو آئندہ 24 گھنٹوں میں نہر اپر چناب، نہر مرالہ راوی لنک ،نہر لوئر کینال چناب،نہر بی آر بی ،نہر ایل سی سی، نہر کیو بی لنک اور ہیڈ تریموں سے نکلنے والی نہروں کو پانی کی فراہمی روک دی جائے گی ،جس سے سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ ، وہاڑی، قصور، اوکاڑہ ، منڈی بہاؤ الدین ،وزیر آباد ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، لیہ اور مذکورہ نہروں سے سیراب ہونے والے علاقوں کو نہروں کے ذریعے پانی کی فراہمی بند ہو جائے گی جس سے مذکورہ علاقوں میں خشک سالی پیدا ہوسکتی ہے اور مذکورہ علاقوں میں دھان سمیت دیگر فصلوں کو پانی کی فراہمی نہ ہونے کے باعث خشک سالی پیدا ہو نے سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ دوسری طرف ہیڈ مرالہ اتھارٹی نے پانی کی صورتحال سے واپڈا حکام کو مطلع کیا ہے کہ پانی کی کمی کے باعث ہیڈ مرالہ سے برآمد ہونے والی نہر اپر چناب پر قائم پاور پراجیکٹ کو پانی کی فراہمی نہ ہوسکے گی اور دیگر نہروں پر بھی پاک چائنہ معاہدہ کے تحت نصب پاور پراجیکٹس بند ہو جائیں گے ۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ بھارت سلال ڈیم اور بگلیہار ڈیم میں 5 سے 10 لاکھ کیوسک پانی کی سطح بلند کرکے سپل وے کھول دے ، جس سے صورتحال خطرے کی جانب جاسکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments