ایم کیوایم سے پہلے ترقی تھی،انہوں نے گٹکا ماوے پرلگادیا،مرتضیٰ وہاب

 ایم کیوایم سے پہلے ترقی تھی،انہوں  نے گٹکا ماوے پرلگادیا،مرتضیٰ وہاب

کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے پہلے کراچی میں ترقی تھی، انہوں نے لوگوں کو گٹکے ماوے پر لگا دیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ تفریق اور تعصب کی بات کرتے ہیں، ان سے پہلے اس شہر میں میرٹ تھا اور ترقی تھی، انہوں نے کراچی کے والوں کو قلم چھین کر اسلحہ پکڑا دیا، ماضی میں ایک کال پر شہر کو بند کر دیا جاتا تھا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم کی حکمرانی سے قبل یہ شہر ترقی کر رہا تھا، یہ جس کو ‘بھائی بھائی’ کہتے تھے اس سے بھی وفا نہیں کی، ایک دن کہتے ہیں کہ خالد مقبول صدیقی ایسا ہے اور دوسرے دن کہتے میرا چیئرمین ہے ، شہر سے اب خطرہ اور خوف ختم ہوگیا اور یہ لوگ بٹوارا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھائی بھائی کہنے والوں نے اپنے بھائی سے غلط بیانی کی، شہر کا کوئی بچہ سرکاری کالج یا یونیورسٹی جائے تو اس کی پٹائی نہ ہو، کراچی کے اچھے وقت کے خواہ ہیں تاکہ برا وقت کوئی اور نہ دیکھے ۔ جن لوگوں کے پاس 40 سال اقتدار رہا انہوں نے کچھ نہیں کیا، کراچی کے عوام اب تعصب اور تفریق نہیں بلکہ تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں خوف کے راج کو ہم نے ختم کیا ہے ، کراچی صرف اردو، سندھی، بلوچی یا پشتو بولنے والوں کا نہیں بلکہ ہر کراچی میں بسنے والے کا شہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونق بحال کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صحافیوں نے قربانیاں دی ہیں۔ جن لوگوں نے اپنے شہر سے وفا نہیں کی، وہ آج بھی تعصب اور تفریق کی بات کررہے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ 1950 اور 1960 کی دہائی میں ملک میں اس طرح کی تفریق نہیں تھی، ملک آگے بڑھ رہا تھا۔ کراچی کی تہذیب، ادب اور آداب کے حوالے سے دنیا بھر میں ایک منفرد شناخت تھی، لیکن بعض لوگوں کی سیاست نے اس کمیونٹی کو اس نہج پر پہنچایا۔ جماعت اسلامی کے احتجاج کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ احتجاج وزیر اعظم کے خلاف ہے اور تاجر برادری بھی تکلیف میں ہے ، اگر عوامی مسائل اجاگر کرنے ہیں تو سڑکیں بلاک کرنے کے بجائے متعلقہ ذمہ داران کے گھروں کے باہر احتجاج کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر پیٹرولیم سے مسئلہ ہے تو ان کے گھر کے باہر احتجاج کریں، کراچی کو کیوں بند کیا جاتا ہے ؟ ملک میں کچھ بھی ہورہا ہو، کراچی کو بلاک نہیں ہونا چاہیے ۔ گورنر ہاؤس کو بلاک کرکے وہ وزیر اعظم کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ میئر کراچی نے واضح کیا کہ کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات، امن اور ترقی چاہیے ۔ شہر کی تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہے گا اور کراچی کو دوبارہ تعصب، تفریق اور خوف کی سیاست کی طرف نہیں جانے دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...