5 میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کیخلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی شروع
5 ہسپتالوں سے ہزاروں دستی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس ،پوسٹمارٹم رپورٹس جاری ہوئیں ڈاکٹر سہیل خواجہ ، راؤ امجد ، ڈاکٹر عبدالرحمن ، ڈاکٹر رانا خرم اور ڈاکٹر منصور کو نوٹس
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )پنجاب حکومت نے 5 ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کیخلاف پیڈاایکٹ 2006کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔مذکورہ ہسپتالوں سے 6 ماہ کے دوران ہزاروں دستی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس اور پوسٹمارٹم رپورٹس جاری ہونے کا ریکارڈ سامنے آنے پرکارروائی شروع کردی گئی ۔ افسروں پرسرکاری ہدایات، لاہور ہائیکورٹ کے احکامات اور میڈیکو لیگل طریقہ کار پر عملدرآمد نہ کرانے کے ساتھ مؤثر انتظامی نگرانی اور کنٹرول میں ناکامی کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔دستیاب اعدادوشمار کے مطابق ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھاسے دستی 735(ایم ایل سیز)اور 48 پی ایم آرز،نشتر ہسپتال ملتان سے 816 دستی (ایم ایل سیز)اور 182پی ایم آرز،علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ سے 1245 دستی (ایم ایل سیز)اور 43 پی ایم آرز،سروسز ہسپتال لاہور سے 680 دستی (ایم ایل سیز)،علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان سے 768 دستی (ایم ایل سیز)اور 10 پی ایم آرزجاری ہوئیں جس پر حکومت نے 5 میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر سہیل خواجہ (سرگودھا)، ایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد(ملتان)، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن طارق (سیالکوٹ)، ایم ایس ڈاکٹر رانا خرم آفتاب(لاہور)اور ایم ایس ڈاکٹر منصور (ڈی جی خان)کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا ۔چیئرمین پی ٹی اے و سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے ۔ پانچوں افسروں کو 7 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر یکطرفہ کارروائی کا امکان ہے ،سرجن میڈیکو لیگل پنجاب کو محکمانہ نمائندہ مقرر کر دیا گیا۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس اور پوسٹمارٹم رپورٹس صرف کمپیوٹرائزڈ/آن لائن نظام سے جاری کرنے پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments