آزاد کشمیر :طارق فاروق سپیکر احمد رضا ڈپٹی سپیکر منتخب شاہ غلام قادر وزیراعظم نامزد
مظفرآباد ،لاہور،اسلام آباد (دنیا نیوز،محمد اسلم میر)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے نومنتخب ایم ایل اے طارق فاروق سپیکر جبکہ احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے۔۔۔
دونوں نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا،دوسری طرف مسلم لیگ ن نے شاہ غلام قادر کو وزیر اعظم کیلئے اپنا امیدوار بھی نامزد کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں سپیکراور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے گزشتہ روز پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ، نومنتخب ارکان اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق فاروق 32 ووٹ لے کر سپیکر جبکہ احمد رضا قادری بھی 32 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکرمنتخب ہو گئے ، ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے سپیکر کیلئے امیدوار قاسم مجید کو 14 اور ڈپٹی سپیکر کیلئے عامر غفار کو 13 ووٹ ملے ، ایک ووٹ مسترد ہو گیا۔بعدازاں اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران نومنتخب سپیکر چودھری طارق فاروق اور ڈپٹی سپیکر احمد رضا قادری نے حلف اٹھا لیا اور اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں،حلف برداری تقریب میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ (ن)کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اپنے تہنتی پیٖغام میں طارق فاروق کو سپیکر اوراحمد رضا قادری کو ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پرمبارکباددی ہے ۔ یادر رہے ایک روز قبل 46نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا تھا۔ ادھر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پارلیمانی و انتخابی سیاست کا تجربہ رکھنے والے مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کر دیا ہے ۔ یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اہم مشاورتی اجلاس میں کیا گیا تھا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں ، شاہ غلام قادر کل جمعرات کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہوں گے جس کے بعد اسی روز 27 اگست کو شام 5 بجے ہائی کورٹ گراؤنڈ میں نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔واضح رہے شاہ غلام قادر سات مرتبہ آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں جبکہ 2006 اور 2016 میں دو مرتبہ سپیکر بھی رہ چکے ہیں،اس کے علاوہ وہ وزیر خزانہ، منصوبہ بندی و ترقی، خوراک اور اطلاعات سمیت مختلف اہم وزارتوں کے قلمدان بھی سنبھال چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments