سندھ اسمبلی: نئے صوبوں ، انتظامی یونٹس کی مجوزہ تشکیل ، تحریک التوا بحث کیلئے منظور

 سندھ اسمبلی: نئے صوبوں ، انتظامی یونٹس کی مجوزہ تشکیل ، تحریک التوا بحث کیلئے منظور

طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری، ارکان بھی چاہتے ہیں ایوان میں موضوع پر کھل کر بات ہو:نثار احمد کھوڑو پمز سانحہ پر اجلاس میں اظہار افسوس، تحریک التوا کے بعد اسمبلی چاہے تو قرارداد منظور کرسکتی ہے : سعید غنی

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے جمعہ کے اجلاس میں ملک میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی مجوزہ تشکیل کے معاملے پر تحریک التوا بحث کیلئے منظور کرلی۔ تحریک سینئر پارلیمنٹرین اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے پیش کی تھی۔اجلاس کی کارروائی کے آغاز پر نثار کھوڑو نے سپیکر سے درخواست کی کہ وہ فوری نوعیت کے اہم عوامی مسئلے پر تحریک التوا پیش کرنا چاہتے ہیں، اس لئے ایوان کی باقی کارروائی معطل کرکے تحریک پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔ سپیکر نے وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار سے مشاورت کے بعد انہیں تحریک پیش کرنے کی اجازت دے دی۔ ضیا لنجار نے کہا کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے ، اس لئے انہیں تحریک پیش کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔نثار کھوڑو نے کہا ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی باتیں ہورہی ہیں اور طرح طرح کی خبریں و قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ یہ صوبوں کیلئے اہم نوعیت کا معاملہ ہے ، سندھ اسمبلی کے ارکان بھی چاہتے ہیں کہ ایوان میں اس موضوع پر کھل کر بات ہو۔

سپیکر اویس قادر شاہ نے تحریک التوا بحث کیلئے منظور کرتے ہوئے رولنگ دی کہ اس پر پیر کو دو گھنٹے بحث ہوگی، تاہم ارکان چاہیں تو مزید کئی روز بھی گفتگو کی جاسکتی ہے ۔ ایوان نے کثرت رائے سے تحریک التوا منظور کرلی۔قبل ازیں سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیرصدارت شروع ہوا۔ کارروائی کے آغاز پر پی ایس 30 سے نومنتخب رکن اسفند یار کھرل نے رکنیت کا حلف اٹھایا، جبکہ ایوان نے پمز اسلام آباد کے حالیہ افسوسناک سانحے اور دیگر المناک واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔دریں اثنا سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ اسمبلی صوبوں کے حوالے سے 6 ماہ قبل ہی ایک مفصل قرارداد منظور کرچکی ہے ، اس لئے میری رائے میں دوبارہ قرارداد پیش کرنے کی ضرورت نہیں، تاہم نثار احمد کھوڑو کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا کے بعد اسمبلی چاہے تو قرارداد بھی منظور کرسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...