عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ، اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے : حافظ نعیم

 عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ، اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے : حافظ نعیم

کوئٹہ میں کل سے دھرنے کا آغاز ،بجلی کی پیدا واری صلاحیت دوگنا پھر کیپسٹی پیمنٹس وصولی، لوڈشیڈنگ کیوں؟ ملک میں ایک چھوٹے طبقے کیلئے تمام مراعات ، مریم نواز کی حکومت نے پنجاب کو برباد کر دیا ہے ،امیر جماعت اسلامی

لاہور،فیصل آباد(سیاسی نمائندہ،سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر عوامی مسائل سے چشم پوشی اور اشرافیہ کو مراعات دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری احتجاجی تحریک اب نہیں رکے گی، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کل سے کوئٹہ میں بھی دھرنے کا آغاز کرے گی، امیر جماعت اسلامی  پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، حکمرانوں کے پاس عوامی مطالبات تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔پٹرولیم لیوی ختم، بجلی اور روٹی کی قیمتیں کم کی جائیں، 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال ہوگی ، اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریں گے ، کوئٹہ میں کل سے دھرنے کا آغاز ، راولپنڈی ، پشاور ، کراچی میں بڑے جلسے ہوں گے ۔حافظ نعیم نے کہا کہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت دگنی ہو چکی ہے ، اس کے باوجود عوام سے کیپسٹی پیمنٹس وصول کی جا رہی ہیں اور لوڈشیڈنگ عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک چھوٹے طبقے کو تمام مراعات حاصل ہیں۔ فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت نے پنجاب کو برباد کر دیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیاں عوام کو بے وقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں کر رہیں۔پمز ہسپتال کے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد کے ہسپتال کا یہ حال ہے تو باقی شہروں کے سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ مصنوعی ذہانت کے دور میں دنیا آگے بڑھ رہی ہے لیکن پاکستان میں ڈیٹا سینٹرز تک نہیں بن رہے ۔ اگر نوجوانوں کو مواقع اور درست سمت فراہم کی جائے تو یہی نوجوان پاکستان کو امریکا اور یورپ کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔ عدالتوں میں 24 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں اور ججز چھٹیوں پر ہیں۔ انہوں نے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنے اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...