پشاور ،پولیس چوکی پر کواڈ کاپٹر حملہ، 2مارٹرگولے داغے گئے

پشاور ،پولیس چوکی پر کواڈ کاپٹر حملہ، 2مارٹرگولے داغے گئے

ایک گولہ پولیس چوکی کے اندر جبکہ دوسرا کچھ فاصلے پر دکانوں کے قریب گرا

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور کے شہری علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس چوکی کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ سامنے آیا۔ چوکی پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے دومارٹرگولے داغے گئے جس کے بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے حملہ آوروں اور استعمال کیے گئے ڈرون کے روٹ کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام شروع کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ترناب پولیس چوکی کو کواڈ کاپٹر طرز کے ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، حملے میں ڈرون کے ذریعے دو مارٹر گولے گرائے گئے ، جن میں سے ایک پولیس چوکی کے اندر گرا جبکہ دوسرا گولہ چوکی سے کچھ فاصلے پر واقع دکانوں کے قریب جاگرا۔واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری علاقے میں پولیس چوکی پر ڈرون کے ذریعے حملہ سکیورٹی اداروں کے لیے ایک نیا اور اہم چیلنج ہے کیونکہ ماضی میں پشاور میں دہشت گردی کے واقعات میں فائرنگ، دستی بموں، بارودی مواد اور دیگر روایتی طریقوں کا استعمال سامنے آتا رہا ہے ، تاہم ڈرون کے ذریعے پولیس تنصیب کو نشانہ بنانا ایک مختلف نوعیت کی حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...