مریم نواز کا دورہ چین، اے آئی، سمارٹ ایگزیکلچر کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز

مریم نواز کا دورہ چین، اے آئی، سمارٹ ایگزیکلچر کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز

پنجاب بیرونی سرمایہ کاری کے لئے تیار اور خواہاں ،وزیراعلیٰ نے گوئی ژو کے وفد کو دورہ لاہور کے لئے مدعو کرلیا چین ڈیجیٹل انقلاب کے ذریعے دنیا کی سمت تبدیل کر رہا، پارٹی سیکرٹری ہی زونگ یو اور وفد سے ملاقات،گفتگو

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلٰی مریم نوازنے گوئی ژوکے شہرگوئی یانگ میں انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو میں پارٹی سیکرٹری ہی زونگ یو اور چینی وفد سے ملاقات میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر،لوکل مینوفیکچرنگ کے لئے بزنس ا ور انویسٹمنٹ کانفرنس کی تجویز پیش کردی-ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے ڈیجیٹل کوآپریشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سمارٹ ایگریکلچر کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی پیشکش کر دی- مریم نواز نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے تشخیص کے شعبہ میں اشتراک کار کی تجویز دی،گوئی ژو کے وفد کو دورہ لاہور کے لئے مدعو کرلیا-وزیراعلی ٰنے چین کیلئے مزید کامیابیوں اور چینی عوام کے لئے بہتر مستقبل کی خواہش کی-وزیراعلٰی نے کہاکہ پنجاب بیرونی سرمایہ کاری کے لئے تیار اور خواہاں ہے -پنجاب ترقی اور شراکت داری کے لئے تیار ہے ،چین ڈیجیٹل انقلاب کے ذریعے دنیا کی سمت تبدیل کر رہاہے ، گوئی ژو میں ہونے والی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی قابل تقلید ہے ، ہم چین کے تجربات اور کامیابیو ں سے سیکھنا چاہتے ہیں -گوئی ژو کی خوبصورتی، ترقی اور قابل ذکر تبدیلی متاثر کن ہے ۔ چین کی طرح انفراسٹرکچر کی ترقی اورجنگلات یعنی ہریالی لانے کے لئے ہم بھی کوشش کر رہے ہیں۔

گوئی ژو ٹیکنالوجی میں ترقی کر کے چین کا ڈیجیٹل مرکز بن چکا ہے ۔انڈسٹری، ڈیجیٹلائزیشن،رورل ڈویلپمنٹ کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے سے متعلق سیکھنا اور جاننا چاہتے ہیں۔ مریم نواز نے ملاقات کے دوران خواہش ظاہر کی کہ پاکستان اور چین کی تاریخی دوستی کو سالڈ پراجیکٹ، انویسٹمنٹ، روزگار کے حقیقی فوائد میں بدلنا چا ہتے ہیں ،پاکستان اور چین کے قومی تعلقات کو صوبائی اور عوام سے عوام تک تعلق کی سطح تک لے جایا جاسکتا ہے - ہم سب چین کے قابل قدر صدر شی جن پنگ کے زبردست مداح ہیں۔پارٹی سیکرٹری ہی زونگ یو اور ان کی ٹیم کے شاندار لوگ صاحب علم اور صاحب مطالعہ ہیں۔پاکستان اور چین ایک تاریخی آزمائشی وقت اور ہر موسم کی دوستی کے شراکت دار ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان اور چین اس سال فخر کے ساتھ خوبصورت مثالی سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔نوازشریف اور شہبازشریف کے بعد پاک چین دوستی کو آگے بڑھانے کا اعزاز خوش قسمتی سے اب مجھے حاصل ہوچکا ہے ۔چین کے ساتھ تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، جدت، ثقافت اور مشترکہ انسانی مقاصد کی بنیاد پر استوار کرنا چاہتے ہیں ،چین سے تیار کردہ ماحول دوست الیکٹروبسیں پنجاب میں مصروف خدمت ہیں۔پنجاب میں الیکٹر وبسوں کے ذریعے فضائی معیار میں تیز تر بہتری کا معجزہ بھی رونما ہوچکا ہے ۔پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ٹیکنالوجی کے بہتر اور موثر استعمال کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس آفس موجود ہے ،ہواوے ، علی بابا کی میڈیکل سروسز او راختراعات سے سیکھنے کے لئے پرجوش ہیں،وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب پاکستان میں AI کا باقاعدہ استعمال کرنے والا پہلا صوبہ ہے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ میرا دورہ پنجاب اور گوئی ژو کے تعلقات میں نئے عملی باب کا آغاز کرسکتا ہے ،گوئی ژو میں آمد اور چین کے اعلٰی حکام سے ملاقات کو خوش بختی سمجھتی ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...