مکہ معاہدہ،ترکیہ میں آج پہلا اجلاس:سعودی عرب کیلئے پاکستانی زرعی و غذائی برآمدات3ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق:مشترکہ اعلامیہ

مکہ  معاہدہ،ترکیہ  میں  آج  پہلا  اجلاس:سعودی  عرب  کیلئے  پاکستانی زرعی  و غذائی  برآمدات3ارب  ڈالر  تک  بڑھانے  پر اتفاق:مشترکہ  اعلامیہ

استنبول میں ہونے والے اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ و دفاع اور افواج کے چیفس آف سٹاف شریک ہونگے ،فیلڈ مارشل عاصم منیر اوراسحاق ڈار پہنچ گئے پاک سعودیہ مذاکرات میں زرعی شعبے کیلئے اہم پیشرفت،سعودی عرب کی گوشت کی درآمد دگنا کرنے میں دلچسپی،چاول، پھل، سبز چارہ اور زرعی ٹیکنالوجی ترجیحی شعبے قرار

 استنبول،راولپنڈی (نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے (مکہ معاہدہ ) کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ترکیہ کے شہر استنبول میں ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام سٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہونگے ۔اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور  فیلڈ مارشل عاصم منیر کرینگے ۔ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار استنبول پہنچ گئے ہیں جنہوں نے حضرت ابو ایوب انصاری کے مزار پر حاضری بھی دی، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ترکیہ کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں ،اس دوران سید عاصم منیر کی ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں ،غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ استنبول میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف سٹاف شرکت کریں گے ۔ اجلاس کے ایجنڈے میں 'بین الاقوامی سلامتی کے امور سرِفہرست ہونگے اور توقع ہے کہ بات چیت میں دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے ، مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور تیاری سمیت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امور زیرِ بحث آئیں گے ۔

دریں اثنا استنبول میں ہفتہ میلاد النبی ﷺ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہاکہ ترکیے اسلامی دنیا میں اتحاد مضبوط کرنے اور اختلافات کم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے ۔ انہیں امید ہے کہ وہ مسلمان جنہوں نے صدیوں تک تاریخ بنائی اور دنیا میں نظم و ضبط قائم کیا دوبارہ دیوار کی اینٹوں کی طرح متحد ہو جائیں گے اور انشاء اللہ حق غالب آئے گا۔ ادھروزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور ترک عوام کو یومِ فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 30 اگست غازی مصطفی کمال اتاترک کی قیادت میں تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے ، پاکستان ترک عوام کے ساتھ جرأت اور قومی عزم کی قابلِ فخر میراث کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے ۔پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دلوں کے رشتے ہیں، پاک ترک تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ ایمان، تاریخ اور جدوجہد سے مضبوط ہوئے ، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کیلئے متحد ہیں۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاک ترک سٹریٹجک شراکت داری کا اظہار ہے ، پاکستان ترکیہ کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے ، پاک ترک شراکت داری تمام شعبوں میں مزید گہری کی جائے گی پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی ہمارا عزم ہے ، پاک ترک دوستی اور بھائی چارے کا رشتہ نسل در نسل مزید مضبوط ہو۔

 اسلام آباد (نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ دونوں برادر ممالک نے پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات کو آئندہ دو سال کے دوران 3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن اے ۔ الفضلی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی سعودی وفد اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے درمیان مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں چاول، سرخ گوشت، پھل، فروٹ کنسنٹریٹس، سبز چارے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کو باہمی تعاون کے ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔سعودی وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا، جس میں سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقات کے دوران زرعی اور غذائی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کی ۔دورے کے دوران پاکستان سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ سٹریٹجک پلان پر بریفنگ دی گئی، جبکہ سعودی وفد نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل ، فوجی فاؤنڈیشن اور پاکستان سعودی عرب ایگری بزنس فورم کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔ وفد نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے 1947ء سے قائم تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی ویژن 2030 کے تحت غذائی تحفظ کی ترجیحات اور پاکستان کے زرعی و غذائی برآمدی شعبے کے درمیان موجود ہم آہنگی سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔اعلامیے میں چاول، سرخ گوشت، پھل اور ان کے کنسنٹریٹس، سبز چارے اور پانی کے مو ثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔پاکستان نے 2025ء میں سعودی عرب کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے ، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔ سعودی وفد نے آئندہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان چاول کی دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔سرخ گوشت کے شعبے میں بھی دونوں فریقوں نے پاکستان سے سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت کی فراہمی کا جائزہ لیا، جس کی مالیت تقریباً 167 ملین ڈالر بنتی ہے ۔ سعودی وفد نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دگنا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں جانب سے پھلوں اور فروٹ کنسنٹریٹس کی برآمدات بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط، میچ میکنگ اور معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں سبز چارے کو تجارت میں وسعت اور طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے قیام کے لیے اہم اور امید افزا شعبہ قرار دیا گیا۔ دونوں ممالک نے بھکر، پنجاب میں پانی کے مو ثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا اور چھوٹے کاشتکاروں کے لیے مجوزہ دوسرے مرحلے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب بھی دی، جس کا پاکستان کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔ فریقین نے لائیو سٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں پاکستانی نجی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے تعاون اور رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں برادر ممالک نے اپنی وسیع تر سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 19 سے 22 اکتوبر 2026ء کو ریاض میں ہونے والی 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا۔مشترکہ اعلامیے میں دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی مفاہمتوں اور تعاون کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...