دھرنے جاری،حکومت سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے:حافظ نعیم

دھرنے  جاری،حکومت  سے  مذاکرات  کے  دروازے  بند  نہیں  کئے:حافظ  نعیم

3 ستمبر کو بھرپور ملک گیر ہڑتال ہوگی ، نظام گل سڑ گیا ،حکمران عیاشیاں ختم کریں :لاہور میں پریس کانفرنس حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرے ورنہ عوام کو اسلام آباد آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا، لیاقت باغ میں خطاب

 لاہور،راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، خبر نگار )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت روزانہ کی بنیاد  پر عوام پر مظالم ڈھا رہی ہے ، حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں، جماعت اسلامی کے عوامی حقوق کیلئے لاہور، کراچی ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں، مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں کرینگے ، حکومت کو مذاکرات کیلئے طریقہ کار بتادیا ،بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کئے ، حکومت کو سمجھ آگیا جماعت اسلامی ایسے جانے والی نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرنگ کراس چوک میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے پندرھویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیرجماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور بلوچستان میں بدامنی پر تشویش ہے ،پاکستان میں اب بھی انگریزوں کا بنایا نظام قائم ہے اور انتخابی نظام میں بھی بڑی خرابیاں ہیں، موجودہ انتخابی نظام میں زیادہ تر جاگیردار ہی آگے آتے ہیں، جس کے باعث نوجوان مایوس ہیں اور ملک چھوڑنے کی خواہش رکھتے ہیں یہ ملک کے لیے بہت بڑا المیہ ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سخت ترین سزا دینے کی تجویز دی تھی تاکہ آئندہ کسی بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش نہ آئے ،مجرموں کے خلاف مؤثر کارروائی اور پولیس اصلاحات ناگزیر ہیں، پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بتائیں پولیس اصلاحات اب تک کیوں نہیں ہوئیں، حکومت کو مجرموں پر ہاتھ ڈالنا ہوگا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک میں مخصوص طبقے کو مراعات حاصل ہیں ، عام آدمی کیلئے کاروبار کرنا بھی مشکل بنا دیا گیا ، طلبہ، مزدور اور چھوٹے کسان ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں ،عام آدمی کو ملک میں بہتر سفری سہولیات تک دستیاب نہیں، افسران اور وزرا بڑی اور مہنگی ترین گاڑیوں میں گھومتے ہیں ، حکمران عوام سے بھتہ وصولی کی بجائے اپنی عیاشیاں ختم کریں ، افسرشاہی کو مفت پٹرول کی سہولت، گیس کی مراعات اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی ختم کی جائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں نے میٹرو بس اور اورنج ٹرین بنا کر سمجھا کہ انہوں نے بڑا کارنامہ انجام دے دیا جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں زیرزمین ٹرینوں کا جدید نظام موجود ہے ، لاہور میں بھی سب وے کا نظام ہونا چاہئے تھا اگر پابندیوں کے باوجود ایران زیرزمین ٹرین کا منصوبہ بنا سکتا ہے تو پاکستان ایسا کیوں نہیں کرسکتا۔

دریں اثنا لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ عوام کا غصہ بھانپتے ہوئے بہتر ہوگا کہ پٹرولیم لیوی ختم کر دی جائے ، ورنہ چاروں طرف سے اسلام آباد آنے والوں کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر کو ملک گیر بھرپور ہڑتال ہوگی اور احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ عوامی حقوق کے لیے لاہور، کراچی، پشاور سمیت مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں اور مطالبات کی منظوری تک دھرنے ختم نہیں کیے جائیں گے ، انتظامیہ نے لیاقت باغ کو تالے لگا کر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا، تاہم کارکن تالے توڑ کر اندر جانے کو تیار تھے ، قیادت نے انہیں روکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اجازت نہ دی تو راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج ہوگا اور تمام سڑکیں بند کردی جائیں گی۔ انہوں نے تاجروں سے 3 ستمبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی بھرپور ہڑتال ہوگی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی عیاشیاں ختم کریں۔ جبکہ افسر شاہی کو مفت پٹرول، گیس کی مراعات اور بجلی پر سبسڈی دی جا رہی ہے ۔ موجودہ نظام گل سڑ چکا ہے اور کسی شعبے میں عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔ شہباز شریف کی ‘‘سپیڈ’’ صرف مہنگائی بڑھانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے ۔ آزاد کشمیر کی صورتحال پر حافظ نعیم نے کہا کہ حکمران بندوق کی نوک پر کب تک عوام کو ڈراتے رہیں گے ، طاقت ہر مسئلے کا حل نہیں ، حکومت اور عوام کے درمیان بڑھتی خلیج کسی کے حق میں نہیں، آزاد کشمیر کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور راولاکوٹ کے دھرنے کے شرکا سے بھی بات چیت کی جائے ۔ انہوں نے دھرنے والوں سے بھی مذاکرات کی جانب آنے کی اپیل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...