کراچی: سمگلروں کا کوسٹ گارڈز پر حملہ، ٹرک چھین کرفرار

کراچی: سمگلروں کا کوسٹ گارڈز  پر حملہ، ٹرک چھین کرفرار

کراچی ( سٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے پر سمگلرز کا کوسٹ گارڈز پر حملہ، فائرنگ سے اہلکار زخمی، سمگلر چھالیہ سے لدا ٹرک لے کر فرار ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر سچل تھانے کی حدود میں مسلح سمگلروں نے کوسٹ گارڈز کی پٹرولنگ ٹیم پر حملہ کر کے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کوسٹ گارڈ اہلکار سجاد حسین شدید زخمی ہو گیا۔ مسلح ملزم کارروائی کے دوران سمگل  شدہ چھالیہ سے لدا ٹرک چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، پولیس حکام کے مطابق کوسٹ گارڈز کی پٹرولنگ ٹیم نے سچل گوٹھ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سمگل شدہ چھالیہ سے لدا ایک ٹرک تحویل میں لیا تھا۔ کوسٹ گارڈز اہلکار ، پکڑے گئے ٹرک کو اپنے ہیڈ کوارٹرز منتقل کر رہے تھے کہ سہراب گوٹھ پر پٹرول پمپ کے قریب ٹرک اچانک بند ہو گیا۔ اس دوران ٹیم کو معلوم ہوا کہ گاڑی میں ٹریکر نصب تھا جسے مالکان نے ریموٹ سسٹم کے ذریعے بند کر کے گاڑی جام کر دی تھی۔ ٹرک بند ہوتے ہی مختلف گاڑیوں میں سوار مسلح ملزموں نے موقع پر پہنچ کر کوسٹ گارڈز کی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ جائے وقوعہ پر خواتین اور بچوں کی موجودگی کے باعث کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں نے براہ راست جوابی فائرنگ سے گریز کیا اور صرف ہوائی فائرنگ کی۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مرکزی ملزم اور بدنام سمگلر نجیب اللہ اپنے ساتھیوں سمیت چھالیہ سے لدا ٹرک چھین کر فرار ہو گیا، تاہم وہ جلدی میں کار موقع پر ہی چھوڑ گیا، جسے کوسٹ گارڈز نے تحویل میں لے لیا۔ سچل پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نامزد سمگلر نجیب اللہ اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ ، اقدام قتل، پولیس مقابلے اور سرکاری کام میں مداخلت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کر کے گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...