دادو:2گروہوں میں خونی تصادم،8افراد جاں بحق،3زخمی

دادو:2گروہوں  میں  خونی  تصادم،8افراد  جاں  بحق،3زخمی

گوٹھ دانو چانڈیو میں راستے کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد گولیاں چل گئیں، علاقہ میدان جنگ بن گیا، پولیس تعینات لوگ گھروں میں محصور، وزیر اعلیٰ کا نوٹس، آئی جی سے رپورٹ طلب ، ملزموں کی گرفتاری کا حکم ،متاثرین سے اظہار افسوس

دادو (مانیٹرنگ ڈیسک)دادو میں کچے کے علاقے گوٹھ دانو چانڈیو میں دو گروہوں کے درمیان خونریز مسلح تصادم کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق اور 3شدید زخمی ہوگئے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، مکین گھروں میں محصورہوکررہ گئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک گروپ کے 6 جبکہ دوسرے گروپ کے 2 افراد مارے گئے ہیں ۔ جاں بحق افراد میں دونوں گروپوں کے 2،2 سگے بھائی بھی شامل ہیں، پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان زمین کے تنازع پر پہلے سے اختلافات چلے آرہے تھے ۔ راستہ بنانے کے معاملے پر تلخ کلامی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

جاں بحق افراد میں بچل چانڈیو، منظور چانڈیو، سلطان چانڈیو، ذوالفقار چانڈیو، حاجن چانڈیو اور فدا چانڈیو شامل ہیں۔ شیخ گلاب گروپ کے دو سگے بھائی دیدار چانڈیو اور گل بہار چانڈیو کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی ممتاز چانڈیو کی حالت تشویشناک ہونے پراسے سہون ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...