نوشہرہ :لوڈشیڈنگ کیخلاف دھرنا پیسکو دورانیہ نصف کرنے پر رضامند
نوشہرہ (نمائندہ دنیا) سخت گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک انصاف سمیت دینی و سیاسی جماعتوں اور انجمن تاجران نے شوبرا چوک نوشہرہ کینٹ میں دھرنا دیا اور پیسکو و مرکزی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور پولیس نے ایکسین پیسکو کے ہمراہ مظاہرین سے مذاکرات کیے جو کامیاب رہے ۔ چھ گھنٹے جاری رہنے والے دھرنے کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔رکن صوبائی اسمبلی و مشیر زراعت میاں عمر کاکاخیل نے کہا کہ پیسکو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ نصف کرنے پر رضامند ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت پیسکو اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہوگی اور بجلی چوروں کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔مذاکرات کی کامیابی کے بعد مظاہرین نے شوبرا چوک خالی کرکے پرامن طور پر منتشر ہوگئے جبکہ پیسکو دفاتر اور گرڈ اسٹیشن کے گھیراؤ کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا۔دھرنے میں تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی پاکستان اور انجمن تاجران کے کارکنوں نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments