بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کا جینا محال
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ انتہا پر پہنچ گئی، شدیدگرمی اور حبس میں شہریوں کا جینا محال ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ جاری ہے ، ٹرانسفارمرز و دیگر ترسیلی نظام بجلی کا بوجھ اٹھانے میں بھی یکسر ناکام ہو چکے۔ ذرائع کے مطابق بجلی پیداوار میں کمی اور لیسکو کے خستہ حال ڈسٹری بیوشن سسٹم کی وجہ سے ہونیوالی لوڈشیڈنگ نے رات کوشہریوں کی نیندیں بھی اڑا دیں ،شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈمینجمنٹ کے نام پر 1 گھنٹے سے 30 منٹ تک جبکہ بعض علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، شام اور رات کے اوقات میں ٹرپنگ نے صارفین کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ گنجان آباد علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات بھی بڑھ چکی ہیں جس سے شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہتے ہیں۔بجلی کی آنکھ مچولی نے معمولات زندگی شدید متاثر کرکے رکھ دئیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments