گندم آٹا روٹی مہنگی ہونے سے عوام پر لاکھوں کااضافی بوجھ
سادہ روٹی 20سے 25، نان 30 سے 35 کا فروخت ،محکمہ فوڈ دعووں تک محدود متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی گیس لوڈشیڈنگ پر15ستمبر کو بڑے احتجاج کی کال
لاہور (عمران اکبر) گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے اور گرانفروشی کے باعث مہنگائی کا بوجھ عوام کی جیبوں پر بڑھ گیا، سادہ روٹی 14 روپے کے مقررہ نرخ کے بجائے 20 سے 25 جبکہ نان 30 سے 35 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ دوسری جانب متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف 15 ستمبر کو بڑے احتجاج کی کال دے دی۔ کم سپلائی کے باعث 10 کلو آٹے کا تھیلا 1130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 20 کلو کا تھیلا لاہور سمیت دیگر شہروں میں نایاب ہے ۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2125 روپے میں دستیاب ہے ۔ محکمہ فوڈ کا کہنا ہے کہ آٹے کی سپلائی میں کہیں کوئی رکاوٹ نہیں، تاہم مارکیٹ میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔
رحیم یار خان میں گندم 4700، لاہور میں 4775، اسلام آباد میں 4800، پشاور میں 4850 اور کراچی میں 4900 روپے فی من تک فروخت ہو رہی ہے ۔دوسری جانب متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف 15 ستمبر کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے گرو مانگٹ دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے ہڑتالی اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔نانبائیوں کا کہنا ہے کہ کاروبار گیس سے منسلک ہے ، بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ ایل پی جی بھی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں، مہنگی ایل پی جی استعمال کرکے اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں۔صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے کہا کہ انتظامیہ سے رابطے جاری ہیں، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 15 ستمبر کو شہر بھر کے تندور مالکان بھرپور احتجاج کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments