راولپنڈی ، اسلام آباد میں طوفانی بارش ، نالہ لئی کی سطح خطرناک حد سے اوپر، فوج طلب ، تعلیمی ادارے بند

 راولپنڈی ، اسلام آباد میں طوفانی بارش ، نالہ لئی کی سطح خطرناک حد سے اوپر، فوج طلب ، تعلیمی ادارے بند

مکان ،کاروباری مراکز زیرآب،20 سے زائد گاڑیاں گاڑیاں بہہ گئیں ،کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 30 فٹ ،قریبی آبادیوں کو انخلا کا الرٹ جاری شمس آباد میں 201 ملی میٹربارش ، کرنٹ لگنے ، چھتیں گرنے سے ہلاکتیں،مختلف مقامات پر پھنسے درجنوں شہری ریسکیو،راول ڈیم کے سپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ

 راولپنڈی، اسلام آباد (نیوزرپورٹر، خصوصی رپورٹر)راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث راولپنڈی میں اربن فلڈنگ سے متعدد آبادیاں زیر آب آ گئیں، نالہ لئی کی سطح خطرناک حد سے اوپر پہنچ گئی ،امدادی کارروائیوں کیلئے فوج طلب کر لی گئی اور تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے ہیں،اندرون شہر اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوبے رہے ،بارش کا پانی گھروں  اور دکانوں میں داخل ہوگیا، 20 سے زائد گاڑیاں بھی بہہ گئیں ، کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی 30 فٹ کی سطح کو چھو گیا، قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کر دیا گیا ، سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 201 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مری روڈ اور ایکسریس وے سمیت کئی شاہراہوں پر پانی کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، کرنٹ لگنے اور چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا،18سالہ نوجوان نالے میں ڈوب گیا، ای الیون نالے میں طغیانی کے باعث بعض عمارتوں کے تہ خانوں میں پانی داخل ہو گیا، راولپنڈی کے ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی-14 میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

سیکٹر آئی-9/1 میں 18 سالہ نوجوان نالے میں ڈوبا ، شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آ گئی، پانی کی سطح سال کی سب سے بلند ترین سطح پر آگئی ، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 26 فٹ ہونے کے باعث قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ، تحصیل آفس میں بھی پانی بھر گیا،ریسکیو 1122 راولپنڈی نے مختلف مقامات پر پھنسے 60 افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا ، واسا حکام کے مطابق شمس آباد میں 201 ملی میٹر، گولڑہ میں 157 ملی میٹر ، نیوکٹاریاں میں 186، پی ایم ڈی میں 155 اور پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،شدید بارش کے باعث سڑکیں اور علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ،اسلام آباد میں متعدد سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، سکول ، کالجز بھی بند کر دئیے گئے اور طلبہ کیلئے آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا، اسلام آباد اور گردونواح میں موسلا دھاربارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے باعث ڈیم کے سپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، 5 ستمبر تک بارش کا سلسلہ کی پیشگوئی کے پیش نظر این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں مون سون صورتحال، ممکنہ سیلابی خطرات، امدادی و ریسکیو کارروائیوں اور ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...