علی گیلانی کی جدوجہد و استقامت تحریکِ آزادیٔ کا سرمایہ ،حریت کانفرنس
کشمیر ہائوس میں تقریب ، نظریاتی وابستگی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے عظیم قائد اور بابائے حریت شہید سید علی شاہ گیلانیؒ کی پانچویں برسی کے موقع پر جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار گیلانی مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ ایک انقلابی، نظریاتی، دوراندیش اور بااصول رہنما تھے جو آخری سانس تک اپنے مؤقف پر چٹان کی طرح ڈٹے رہے ۔ ان کی سیاسی بصیرت، استقامت اور قربانیاں تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لئے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ان کی جدوجہد و استقامت تحریکِ آزادیٔ کا سرمایہ ہے۔
کانفرنس سے سراج الحق ،سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود ، سابق سفیر عبدالباسط، ڈی جی ساؤتھ ایشیا وزارت خارجہ سجاد حیدر، ڈاکٹر مشتاق ، عبدالرشید ترابی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے سید علی شاہ گیلانیؒ کو ان کی غیر متزلزل استقامت، نظریاتی وابستگی اور لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے وقف کردی۔وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ سید علی گیلانیؒ نے ‘‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے ’’ کے مؤقف پر آخری دم تک ثابت قدم رہ کر تاریخ میں مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے بھارتی بربریت کے باوجود سر نہیں جھکایا اور تحریک آزادی ایک نسل سے دوسری نسل منتقل ہوچکی ہے ،کشمیری بھارتی جبر کے باوجود جدوجہد آزادی سے دستبردار نہیں ہونگے ،انہوں نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کو ہدایت کی کہ تحریک آزادی کے اکابرین کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لئے تقریبات منعقد کی جائیں۔ کانفرنس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments